ہاکی ورلڈ کپ 2023: نیوزی لینڈ نے چلی کو 3-1 سے دی شکست

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 14th Jan.

راورکیلا؍نئی دہلی ، 14جنوری:ہاکی ورلڈ کپ 2023 کے پول سی میچ میں نیوزی لینڈ نے چلی کو 3-1 سے شکست دی۔ اس میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے سیم ہییہا نے دو گول کئے۔ نیوزی لینڈ نے میچ کے پہلے کوارٹر سے ہی دباؤ بنا لیا تھا۔ ٹیم نے پہلے کوارٹر میں دو گول کئے۔ اس کے بعد دوسرے کوارٹر میں بھی ایک گول ہوا۔ اس دوران چلی کے کھلاڑی گول کے حصول کے لیے مسلسل جدوجہد کرتے رہے، تاہم وہ آخری کوارٹر میں صرف ایک گول کرنے میں کامیاب رہے۔راورکیلا میں چلی اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے اس میچ کا آغاز سنسنی خیز رہا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلا گول سیم لین نے 9ویں منٹ میں کیا۔ یہ ایک فیلڈ گول تھا اور اس نے نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کو مزید جارحانہ بنا دیا۔ اس کے صرف دو منٹ بعد سیم ہیہا نے گول کر دیا۔ انہوں نے 11ویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کو 2-0 کی برتری دلا دی۔ اس دوران چلی کے کھلاڑی گول کے حصول کے لیے مسلسل جدوجہد کرتے رہے۔ لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئے۔نیوزی لینڈ نے دوسرے کوارٹر میں بھی اپنا دباؤ برقرار رکھا۔ ٹیم نے 18ویں منٹ میں دوبارہ گول کیا۔ یہ گول بھی سیم ہیہا نے کیا۔ اس طرح نیوزی لینڈ نے 3-0 کی برتری حاصل کر لی۔ تیسرے کوارٹر میں ایک بھی گول نہ ہوسکا۔ لیکن چوتھے کوارٹر میں چلی نے میچ میں واپسی کی کوشش کی۔ لیکن یہ آسان نہیں رہا، کھیل کے اختتام سے قبل چلی کی جانب سے واحد گول ایگناسیو کانٹراڈو نے کیا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ تادمِ تحریر پول اے کے پوائنٹس ٹیبل میں آسٹریلیا کی ٹیم سرفہرست ہے۔ آسٹریلوی ٹیم نے ایک میچ کھیلا اور جیتاہے۔وہیں ارجنٹائن دوسرے نمبر پر ہے۔ ان دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ کھیلا اور جیتا ہے۔ دونوں کے 3-3 پوائنٹس ہیں۔ جنوبی افریقہ اور فرانس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پول ڈی میں ہندوستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں سرفہرست ہیں۔دونوں کے حصے میں 3-3 پوائنٹس ہیں۔