Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 7th Jan.
نئی دہلی، 07 جنوری : تجارت اور صنعت کے وزیر پیوش گوئل نے کہا کہ کئی ممالک کے ساتھ دو طرفہ آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے ) کونافذ کرنے کے لیے بات چیت صحیح سمت میں جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہندوستان کی کچھ ‘غیر جانبدارانہ اور منصفانہ’ کثیر جہتی معاہدوں پر بھی نظر ہے۔
گوئل نے یہ بات ہفتہ کو 27 ویں وہارٹن انڈیا اکنامک فورم آن لائن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ فورم سے خطاب کرتے ہوئے، گوئل نے کہا کہ ایف ٹی اے کوحتمی شکل دینے کے لیے بھارت کی بات چیت چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ہندوستان کی نظر ایک یا دو کثیر جہتی تجارتی معاہدوں پر بھی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ہم ان سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
دراصل، ہندوستان نے سال 2022 میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور آسٹریلیا کے ساتھ آزاد انہ تجارتی معاہدوں کو نافذ کرکے ان ممالک کے ساتھ دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کی سمت میں قدم اٹھایا ہے۔ اس کے علاوہ برطانیہ،کناڈا اور یورپی یونین کے ساتھ بھی ایف ٹی اے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔