وزیر اعلیٰ نے سمادھان یاترا کے دوران کشن گنج ضلع کی جائزہ میٹنگ کی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 4th Feb

پٹنہ، 04 فروری ،2023:- وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے سمادھان یاترا کے دوران کشن ضلع میں مختلف محکموں کی طرف سے کئے جا رہے ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کے بارے میں ضلع پریشد ہال کشن گنج میں ضلع سطح کی ایک جائزہ میٹنگ کی۔اس جائزہ میٹنگ میں کشن گنج ضلع کے رکن پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی /ارکان قانون ساز کونسل اور مختلف محکموں کے ایڈیشنل چیف سکریٹریز/ پرنسپل سکریٹریز/ سکریٹریوں نے شرکت کی۔
میٹنگ میں ڈی ایم کشن گنج شری کانت شاستری نے ایک پریزنٹیشن کے ذریعے مختلف محکموں کے چلائی جارہی ترقیاتی اسکیموں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔ انہوں نے ہر گھر نل کاجل، ہر گھر پکی گلی اور نالیوں، بہار اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ اسکیم، سیلف ہیلپ الاؤنس، ہنر مند یوتھ پروگرام، سات عزام-1 کے تحت ضلع میں تعمیر کی جانے والی عمارتوں کی حیثیت، سینٹر آف ایکسی لینس، صنعتی ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں سنٹر آف ایکسی لینس کا قیام، ماہی پروری وسائل کی ترقی، وزیر اعلیٰ انٹرپرینیورا سکیم، ایس سی ، ایس ٹی کی تعلیمی ترقی کے لیے رہائشی اسکول، وزیر اعلیٰ ایس سی ، ایس ٹی ہاسٹل گرانٹ منصوبہ، وزیر اعلیٰ کنیا اتھان اسکیم، اعلیٰ تعلیم کے لیے خواتین کا فروغ، اقلیتی ہاسٹل اسکیم، اقلیتی مسلم لاوارث/طلاق شدہ خواتین کی امدادی اسکیم، وزیر اعلیٰ اقلیتی روزگار قرض اسکیم، وزیر اعلیٰ پسماندہ طبقات اور انتہائی پسماندہ طبقات ہاسٹل اسکیم، دیگر پسماندہ طبقات کلیان ہاسٹل اسکیم(پسماندہ اورانتہائی پسماندہ طبقہ کے لیے)،، جننائک کرپوری ٹھاکر ہاسٹل اسکیم سمیت(انتہائی پسماندہ کے لیے) ہر کھیت آبپاشی کا پانی اور بال ہردئے منصوبہ سمت دیگر اسکیموں کے بارے میں جانکاری دی۔
میٹنگ میں موجود عوامی نمائندوں نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل وزیراعلیٰ کے سامنے پیش کئے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں کے افسران کو عوامی نمائندوں کے مسائل جلد حل کرنے کی ہدایات دیں۔
میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نئی بساوٹوں میں ہر گھر تک پکی گلی ،نالی کی تعمیر کا کام اور ہر گھر تک نل کا جل کی سہولت لوگوں کو مہیا کرانے کی سمت میں تیزی سے کام کریں ،کُشل یوا پروگرام پر عمل درآمد بہتر طریقہ سے کرائیں اور ڈی ایم اس کی مسلسل نگرانی کر تے رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے لیے خواتین کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔ وزیر اعلیٰ بالیکا حوصلہ افزا اسکیم کے معاملے زیر التوا نہ رہیں۔ اس پر خصوصی توجہ دیں ۔ ہر کھیت تک آبپاشی کا پانی پہنچانے کے لیے تیزی سے کام کریں تاکہ کسانوں کو کھیتی کے کام میں سہولت ہو ۔ ’بال ہردئے‘ منصوبہ کا فائدہ ضرورتمندوں کو ملے ،اس پر خصوصی توجہ دیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہر میں آمدورفت کو آسان بنانے کے لیے عوامی نمائندوں نے جو مشورے دیے ہیں ان پر غور کریں ۔ پرانی سڑکوں اور پل پلیوں کے مینٹننس بہتر طریقہ سے کرائیں ۔ جہاں سیلاب کو روکنے کے کام کی ضرورت ہے اس پر تیزی سے کام کریں ۔
ڈی ایم جناب سریکانت شاستری نے شال پیش کر کے وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا ۔
اس دوران وزیر خزانہ، کمرشل ٹیکس اور پارلیمانی امور کے وزیر جناب وجے کمار چودھری، آبی وسائل کیو اطلاعات اور رابطہ عامہ کے وزیر جناب سنجے کمار جھا، عمارت تعمیرات کے وزیر جناب اشوک چودھری، اقلیتی فلاح کے وزیر محمدزماں خان، خوراک اور صارفین تحفظ کی وزیرمسز لیشی سنگھ، سائنس اور ٹیکنالوجی کے وزیر جناب سمیت کمار سنگھ،آفات مینجمنٹ کے وزیر جناب شاہنواز، رکن پارلیمنٹ جناب جاوید آزاد سمیت دیگر ممبران اسمبلی چیف سکریٹری جناب عامر سبحانی، ڈی جی پی مسٹر آر ایس بھٹی، چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ،وزیراعلیٰ کے سکریٹری مسٹر انوپم کمار، سکریٹری اقلیتی محکمہ مسز۔ سفینہ این، سکریٹری عمارت تعمیرات مسٹر کمار روی، سکریٹری دیہی ترقیات مسٹر بالاموروگن ڈی، کمشنر پورنیہ ڈویژن مسٹر منوج کمار، انسپکٹر جنرل آف پولیس پورنیہ زون مسٹر سریش پرساد چودھری، ڈی ایم کشن گنج مسٹر سری کانت شاستری،ایس پی ڈاکٹر انعام الحق مینگنوسمیت دیگر سینئرافسران موجود تھے۔