اسلامیہ گروپ آف انسٹی ٹیوشن تعلیم کے ذریعہ پاکیزہ اورپُرامن معاشرہ کی تشکیل میں سرگردہ:ڈاکٹر سفینہ اے این

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 25th Feb

پھلواری شریف(فاطمہ جہاں)
تعلیم کسی بھی قوم کے زندہ ہونے کی علامت ہے،یہ ایک ایسا عمل ہے جس کے ذریعہ علم، مہارت، اقدار یا روّیوں کے علم کے حصول کو آسان بنایا جاتا ہے۔ تعلیم کی اہمیت ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گی، خواہ وہ مذہبی نوعیت کی ہو یا پھر دنیاوی نوعیت کی، تعلیم نے ہمیشہ معاشرے کی ترقی اور فلاح و بہبود میں اہم کردار ادا کیا ہے؛کیوں کہ تعلیم ہی کی بدولت معاشرے سے جہالت کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار وزارت اقلیتی فلاح وبہبود حکومت بہار کی پرنسپل سکریٹری محترمہ سفینہ اے این آئی ایس نے اسلامیہ گروپ آف انسٹی ٹیوشن کے ذریعہ چلائے جارہے اسلامیہ ٹیچرس ٹریننگ کالج،ستارمیموریل کالج آف ایجوکیشن اورتکشیلا کالج آف ایجوکیشن ،اسلامیہ اردو مڈل وہائی اسکول +2کے معاینہ کے بعد کیا۔انہوں نے جناب الحاج خورشید حسن چیرمین اسلامیہ گروپ آف انسٹی ٹیوشن،محترمہ ڈاکٹر فرحا دیبا جوائنٹ سکریٹری اسلامیہ گروپ آف انسٹی ٹیوشن کے خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم انسان کی بنیادی ضرورت ہے،اس کے بغیر پاک اور پر امن معاشرے کا حصول مشکل ہے اوریہ ادارے اپنے اس مقصد میں سوفیصد کامیاب ہے۔واضح رہے کہ محترمہ ڈاکٹر سفینہ اے این آئی ایس کی معیت میں ایک موقر نے اسلامیہ گروپ آف انسٹی ٹیوشن کے تحت چلائے جارہے اداروں کا معاینہ کیا،اس موقع سے ادارہ کے چیرمین جناب خورشید حسن نے محترمہ ڈاکٹر سفینہ کا بوکے سے استقبال کیا،ڈاکٹر فرحا دیبا جوائنٹ سکریٹری ادارہ ہذا نے ڈاکٹر عامر آفاق احمد فیضی کو بوکے سے استقبال کیا،مولانا افتخار احمد نظامی صدر ادارہ فلاح المسلمین نے جناب احمد محمود کا اورپرنسپل اسلامیہ ٹیچرس ٹریننگ کالج آر کے ارون نے جناب ابراراحمد خاں کا بوکے سے استقبال کیا۔مذکورہ وفد کا ستار میموریل کالج آف ایجوکیشن احاطہ میں جناب اجے کمار پرنسپل نے بوکے سے استقبال کیا،جب کہ تکشیلا کالج آف ایجوکیشن میں ڈاکٹر سویتا سنہا پرنسپل نے بوکے سے وفد کا استقبال کیا۔اس موقع سے اقلیتی فلاح وبہبود کے جوائنٹ سکریٹری کم ڈائرکٹر جناب ڈاکٹر عامرآفاق احمد فیضی نے کہاکہ ملک اور قوم کی ترقی کا دارومدار تعلیم پر ہی ہے، تعلیم کے ذریعہ آدمی کے اندر غور وفکرکی صلاحیت پیدا ہوتی ہے،یہ انسان کی کردار سازی میں اہم رول ادا کرتی ہے۔جناب احمد محمود ڈپٹی سکریٹری اقلیتی فلاح وبہبود نے کہاکہ تعلیم ایک ایسا ہتھیار ہے،جس کے ذریعے انسان ہرمحاذکوفتح کرسکتا ہے۔اسسٹنٹ ڈائرکٹر محکمہ اقلیتی فلاح جناب ابرابراحمد خاں نے تینوں اداروں کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ یہ تینوں قوم وملت کے ساتھ ملک کی تقدیر کو سنوارنے میں اہم کردارادا کررہی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ جناب خورشید حسن صاحب کی محنت وجذبہ کی وجہ سے یہ ادارے ترقی کی راہ پر گامژن ہے۔جناب اقبال احسن ڈائرکٹر تکشیلا کالج آف ایجوکیشن نے وفد میں آئے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع سے تینوں اداروں کے اساتذہ وکارکنان شریک ہوئے،خصوصی طور پر جناب قیصر خاں،ڈاکٹر محمد احتشام نظامی،رضوان الحق خاں، امتیاز علی خاں،سرفراز احمد اکاونٹ آفیسر، ڈاکٹر منجولا،پوجا کماری،پریتی کماری،شہزاصدف،پرتیما کماری،بے بی کماری وغیرہ نے وفد کا استقبال خندہ پیشانی سے کیا۔