اشون۔جڈیجہ کی فرکی میں الجھے کنگارو

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 11th Feb

ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے ناگپور ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کے خلاف بڑی جیت درج کر لی ہے۔ مہمان کنگارو  ٹیم نے تیسرے دن ہی گھٹنے ٹیک دئے۔ ہندوستان نے ودربھ کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پیٹ کمنز کی کپتانی والی کنگارو   ٹیم کو اننگز اور 132 رنز سے شکست دے کر 4 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ پہلی اننگز میں 177 رنز پر ڈھیر ہونے والی کنگارو   ٹیم دوسری اننگز میں 91 رنز ہی بنا سکی۔ ہندوستان کی جانب سے آر اشون اور رویندر جڈیجہ نے شاندار گیند بازی کی۔
ٹیم انڈیا نے پہلی اننگز میں 400 رنز بنانے کے بعد 223 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔ آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں لگاتار وکٹیں گنوائیں۔ جس کے نتیجے میں ٹیم کو تیسرے دن ہی ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جس پچ کو لیکر شور و غل تھا اسی وکٹٹ پر روہت، جڈیجہ اور اکشر نے شاندار بلے بازی کی۔ روہت شرما پہلی بار بارڈر گواسکر ٹرافی میں ٹیم کی کپتانی کر رہے ہیں۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 17 فروری سے دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔