اقتصادی مدعوں پر پارلیمنٹ میں بحث چاہتی ہے اپوزیشن: کھڑگے

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 2nd Feb

نئی دہلی، 02 فروری : کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ اپوزیشن پارلیمنٹ میں اقتصادی مدعوں پر بحث چاہتی ہے لیکن مرکزی حکومت اس موضوع پر بات نہیں کرنا چاہتی۔
جمعرات کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ تمام پارٹیوں کے لیڈروں نے مل کر یہ فیصلہ کیا ہے کہ اقتصادی نقطہ نظر سے ملک میں رونما ہونے والے واقعات پر ایوان میں بحث ہونی چاہئے۔
اس تناظر میں کھڑگے نے مزید کہا کہ انہوں نے پارلیمنٹ میں ان موضوعات پر بحث کے لیے نوٹس دیا تھا، لیکن ان کی نوٹس کو مسترد کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایل آئی سی سمیت دیگر اداروں کو برباد کرکے ملک کا پیسہ چند صنعت کاروں کے حوالے کر رہی ہے۔ یہ ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ حکومت کو ان مدعوں پر جواب دینا چاہیے۔
قابل ذکر ہے کہ آج کھڑگے نے اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کی ہے۔ میٹنگ کے بعد کھڑگے نے ٹویٹ کیا کہ پارلیمنٹ کے جاری بجٹ اجلاس کی تیاری کے تحت انہوں نے آج ہم خیال سیاسی جماعتوں کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس دوران انہوں نے عوامی مفاد کے مدعوں کو پارلیمنٹ میں اٹھانے کی حکمت عملی بنائی۔