امت شاہ پر تبصرہ معاملے میں راہل کو ہائی کورٹ سے راحت

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 18th Feb

رانچی ، 17 فروری (ہ س)۔ جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے جسٹس امبوجناتھ کی عدالت میں جمعہ کو کانگریس کے سابق قومی صدر راہل گاندھی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ سماعت کے بعد عدالت نے ان کے خلاف کارروائی روکنے کے حکم میں توسیع کردی ہے۔گزشتہ سماعت میں عدالت نے راہل گاندھی کو رانچی سول کورٹ کی طرف سے جاری نوٹس پر روک لگا دی تھی۔ راہل گاندھی کی طرف سے ایڈوکیٹ پیوش چتریش اور ایڈوکیٹ دیپانکر رائے پیش ہوئے۔ اس معاملے میں درخواست گزار کی طرف سے ایڈوکیٹ ونود ساہو پیش ہوئے۔قابل ذکر ہے کہ یہ معاملہ سال 2019 میں کانگریس اجلاس میں بی جے پی کے اس وقت کے قومی صدر امت شاہ کے خلاف راہل گاندھی کے ریمارکس سے جڑا ہے۔ اس میں راہل گاندھی نے کہا تھا کہ کانگریس میں کوئی قاتل قومی صدر نہیں بن سکتا۔ یہ صرف بی جے پی میں ہی ممکن ہے۔ اس کے بعد بی جے پی لیڈر نوین جھا نے قانونی نوٹس دے کر راہل گاندھی سے معافی مانگنے کو کہا تھا۔ نوین جھا نے راہل گاندھی سے معافی نہ مانگنے پر رانچی سول کورٹ میں شکایت درج کرائی تھی۔