Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 27th Feb
نئی دہلی ، 27فروری : آسٹریلوی ٹیم بارڈر گواسکر ٹرافی میں 2-0 سے پیچھے ہے۔ ٹیم انڈیا نے مہمان ٹیم کو ناگپور اور دہلی میں شکست دی۔ اب دونوں ٹیمیں اندور میں آمنے سامنے ہوں گی۔ تاہم آسٹریلیا کے لیے اچھی خبریں آ رہی ہیں۔ دراصل کنگاروٹیم کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک کے علاوہ آل راؤنڈر کیمرون گرین کا تیسرے ٹیسٹ میچ میں کھیلنا تقریباً طے ہے۔ کیمرون گرین کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں کیمرون گرین نیٹ میں بولنگ کرتے نظر آ رہے ہیں۔کیمرون گرین پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں آسٹریلوی ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔ کنگارو ٹیم ناگپور ٹیسٹ کے بعد دہلی ٹیسٹ میں آل راؤنڈر کیمرون گرین کے بغیر میدان میں اتری تھی۔ مہمان ٹیم کو دونوں میچوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ آسٹریلوی ٹیم 4 ٹیسٹ سیریز میں 2-0 سے پیچھے ہے۔ ایسے میں مہمان ٹیم اندور ٹیسٹ میں واپسی کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔ آسٹریلوی ٹیم میں فاسٹ بولر مچل اسٹارک کے بعد کیمرون گرین کی واپسی بہت اہم ہے۔ دراصل، دونوں کھلاڑیوں کو میچ ونر کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ دونوں کھلاڑی اکیلے ہی میچ کا رُخ موڑ سکتے ہیں ۔ وہیں اندور ٹیسٹ میں تیز گیند باز مچل اسٹارک کی واپسی بھی تقریباً یقینی ہے۔ مچل اسٹارک نے کہا کہ اب میں بہتر محسوس کر رہا ہوں، اوراب طبیعت ٹھیک ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ میں 100 فیصد فٹ ہوں، لیکن میں میچ کھیلنے کے لیے کافی اچھا ہوں، میں میچ کھیل سکتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بولنگ کرتے ہوئے بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہوگا ،جب میں مکمل صحت یاب نہ ہونے کے باوجود میچ میں اتروں گا، بلکہ اس سے قبل بھی ایسا کر چکا ہوں۔

