انڈیا بنام آسٹریلیا ناگپورٹیسٹ دوسرا دن : روہت کی شاندار سنچری ، جڈیجہ-اکشر کی نصف سنچری ، مرفی نے لئے 5وکٹیں

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 10th Feb

ناگپور ،10فروری :ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ناگپور میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کا دوسرا دن بھی میزبان ٹیم انڈیا کے نام رہا۔ دوسرے دن ہندوستانی کپتان روہت شرما نے سنچری بنا کر کئی نئے ریکارڈ اپنے نام کئے۔ اسی دوران جب دن کا کھیل ختم ہوا تو رویندر جڈیجہ اور اکشر پٹیل کے درمیان 8ویں وکٹ کے لیے 81 رنز کی شراکت ہوئی جس کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم اس ٹیسٹ میں کافی مضبوط پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر بھارتی ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنا لیے تھے۔ رویندرا جڈیجہ 66 اور اکشر پٹیل 52 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ ہوئے۔ ٹیم انڈیا نے پہلی اننگز کی بنیاد پر 144 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔دوسرے دن کا کھیل شروع ہوتے ہی کپتان روہت شرما اور روی چندرن اشون نے شروع میں محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔ اشون نے اس دوران کچھ شاندار شاٹس بھی لگائے،لیکن 62 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد وہ 23 رنز بنانے کے بعد ٹوڈ مرفی کا شکار بن گئے۔ اس کے بعد سب کو بیٹنگ کے لیے آئے پجارا سے لمبی اننگز کی توقع تھی۔لیکن پجارا نے 14 گیندوں میں 7 رنز بنانے کے بعد ٹوڈ مرفی کی ٹانگ سائیڈ کی طرف جانے والی گیند پر انہوں نے اپنی وکٹ گنوابیٹھے ۔یہاں سے کپتان روہت شرما نے کوہلی کے ساتھ مل کر لنچ سے پہلے ٹیم کو مزید دھچکا نہیں لگنے دیا۔ جب پہلے سیشن کا کھیل ختم ہوا تو ہندوستانی ٹیم 3 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنا چکی تھی۔لنچ کے بعد جیسے ہی کھیل کا دوسرا سیشن شروع ہوا، ہندوستانی ٹیم کو کوہلی کی صورت میں چوتھا بڑا جھٹکا لگا۔ کوہلی صرف 12 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، جب کہ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے سوریہ کمار یادو نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز ایک چوکے سے کیا، لیکن 20 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد وہ بھی 8 رنز بنانے کے بعد بولڈ ہوگئے۔168 کے اسکور تک آدھی ہندوستانی ٹیم پویلین لوٹ جانے کے بعد اس میچ میں کپتان روہت شرما نے جڈیجہ کے ساتھ مل کر ٹیم کی واپسی کا آغاز کیا۔ اس دوران روہت نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 9ویں سنچری بھی مکمل کی اور جب چائے کے وقت کھیل روکا گیا تو اس وقت تک ہندوستانی ٹیم 5 وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنا چکی تھی، اورکپتان روہت پویلین لوٹ چکے تھے۔ لیکن جڈیجہ اور اکشر کی جوڑی نے بلے سے کمال دکھایا۔ بھرت 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ یہاں سے سبھی کو توقع تھی کہ آسٹریلوی ٹیم جلد ہی ہندوستان کو آل آؤٹ کر دے گی لیکن اکشر اور جڈیجہ کی جوڑی نے ایسا نہیں ہونے دیا۔رویندر جڈیجہ اور اکشر پٹیل نے دن کے کھیل کے اختتام پر اس پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹیم انڈیا کو کافی مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ جہاں رویندر جڈیجہ نے 66 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ کھیل رہے ہیں، وہیں اکشر پٹیل بھی 52 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ ہیں۔ دوسری جانب کینگرو ٹیم کی جانب سے ٹوڈ مرفی نے 5 ،جبکہ نیتھن لیون اور کپتان پیٹ کمنز نے 1-1 وکٹ حاصل کی ہے۔