انگلینڈ کے خلاف فالو آن کھیلتے ہوئے نیوزی لینڈ کی شاندار بلے بازی، اوپنرز نے نصف سنچریاں اسکور کیں

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 26th Feb

ویلنگٹن ، 26فروری:ویلنگٹن کے بیسن ریزرو اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک نیوزی لینڈ نے فالو آن کھیلتے ہوئے اپنی دوسری اننگ میں 83 اوور میں تین وکٹون کے نقصان پر 202 رن بنا لیے تھے۔ ٹیم ابھی بھی انگلینڈ کے اسکور سے 24 رن پیچھے ہے۔ اس سے قبل آج نیوزی لینڈ کی پہلی اننگ 209 کے اسکور پر سمٹ گئی تھی اور ٹیم انگلینڈ کے اسکور سے 226 رن پیچھے تھی۔ انگلینڈ نے کیوی ٹیم کو فالو آن کھیلنے پر مجبور کر دیا۔
کل کے اسکور 138/7 سے آگے کھیلتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان ٹم ساوتھی اور ٹام بلنڈل نے کافی دیر تک مورچہ سنبھالے رکھا اور اس دوران ساوتھی نے انتہائی جارحانہ انداز میں بلے بازی کی۔ دونوں کے درمیان 86 گیندوں پر 98 رنوں کی شراکت ہوئی اور نیوزی لینڈ نے 200 کا اسکور حاصل کیا۔ ساوتھی نے شاندار نصف سنچری اسکور کی اور صرف 49 گیندوں میں پانچ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 73 رن بنائے۔ اس دوران انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کے معاملے میں ایم ایس دھونی، کیون پیٹرسن اور مصباح الحق کو پیچھے چھوڑ دیا۔ کچھ دیر بعد بلنڈل بھی 38 رن بنانے کے بعد 208 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ میٹ ہنری کو اسٹورٹ براڈ نے 6 کے ذاتی اسکور پر آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کی اننگ کاخاتمہ کردیا۔ انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ نے چار وکٹیں حاصل کیںجبکہجیمز اینڈرسن اور جیک لیچ نے تین تین وکٹیںحاصل کیں۔
دوسری اننگ میں کھیلتے ہوئے نیوزی لینڈ نے لنچ تک 19 اوور میں بغیر کسی نقصان کے 40 رن بنائے۔ ٹام لیتھم اور ڈیون کونوے کی جوڑی نے دوسرے سیشن میں بھی اچھی بلے بازی کی اور سنچری شراکت داری میں کامیاب رہے۔ چائے تک دونوں بلے باز اسکور 128 رن تک پہنچا چکے تھے۔ آخری سیشن میں یہ شراکت 149 رن پر ٹوٹی اور کونوے 61 رن بنا کر جیک لیچ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ جو روٹ نے لیتھم کو اپنا شکار بنایا اور وہ 83 رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ ول ینگ کچھ خاص نہ کر سکے اور 8 رن بنانے کے بعد چلتے رہے۔ یہاں سے کین ولیمسن اور ہنری نکولس نے اسٹمپ تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔ ولیمسن 25 اور نکولس 18 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔