انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد نیوزی لینڈ کے کپتان کا رد عمل

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 19th Feb

نئی دہلی ،19فروری :انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹم ساؤتھی نے بڑا ردعمل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس شکست سے مایوس ضرور ہیں لیکن اس کا کریڈٹ بھی انگلینڈ کو دینا چاہیے جس نے اس میچ میں زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا۔
ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انگلینڈ نے 267 رن سے جیت کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ 394 رن کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی اننگ چوتھے روز 126 رن پر سمٹ گئی اور میزبان ٹیم کو عبرتناک شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ انگلینڈ نے ٹاس ہارنے کے بعد میچ کے پہلے ہی دن 325/9 کے اسکور پر اپنی پہلی اننگ ڈکلیئر کر دی۔ جواب میں نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگ میں ٹام بلنڈل کی سنچری کی مدد سے 306 رن بنائے اور انگلش ٹیم کو 19 رن کی برتری حاصل ہوگئی۔ انگلینڈ نے دوسری اننگ میں 374 رن بنائے اور نیوزی لینڈ کو 394 رن کا بڑا ہدف دیا۔
میچ کے بعد ٹم ساؤتھی نے میچ میں کیوی ٹیم کی یک طرفہ شکست پر بڑا ردعمل دیا۔ ان کا کہنا ہے کہہم ہار سے مایوس ہیں لیکن اس کا کریڈٹ انگلینڈ کو دینا چاہیے کیونکہ اس نے شاندار کھیلا۔ ہم میچ میں کئی بار پیچھے رہے جو درست نہیں تھا۔ انہوں نے جس طرح جارحانہ انداز میں بلے بازی کی، انہیں اننگ ڈکلیئر کرنے کے ابتدائی مواقع ملے۔ ٹاس جیت کر بولنگ کرنا درست فیصلہ تھا لیکن ہم پہلے دن بہتر بولنگ کر سکتے تھے۔ ہم نے پہلی اننگ میں 9 وکٹیں حاصل کیں اور دوسری اننگ میں تمام 10 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔