Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 3rd Feb
18ویں صدی عیسوی کے معروف ترین مقبول خاص و عام صوفیٔ باصفا قطب العالم حضرت مخدوم شاہ محمد منعم پاکباز قدس سرہ (م1771ء) کا دوروزہ سالانہ عرس سراپا قدس آپ کی خانقاہ منعمیہ میتن گھاٹ پٹنہ سیٹی میںبروز سنیچر4؍ فروری 2023ء سے شروع ہورہا ہے۔ اس موقع پرسنیچر کو بعد نماز فجر غسل اورپہلا قل انجام پائے گا۔ نماز مغرب کے بعد مجلس تذکیر میں علما و مشایخ، اولیائے کرام کی خدمات اور تعلیمات پر روشنی ڈالیں گے اور انہیں کے مبارک ہاتھوں سے ایک اہم مطبوعات اوراد شرفی کی رونمائی انجام پائے گی۔
نماز عشاء کے بعد مزار مبارک پر چادر وگل پوشی و عطر پاشی کے بعد قل انجام پائے گا اور شجرہ خوانی کے بعد صاحب سجادہ منعمیہ اجتماعی دعا فرمائیں گے جس کے بعد خانقاہ عالیہ منعمیہ میں مجلس سماع برپاہوگی جو وقت تہجد تک جاری رہے گی۔اتوار کو نماز فجر کے بعد سے تلاوت کلام پاک، 9بجے فاتحہ سہ منی اور 11بجے قل و مجلس سماع کا آغاز ہوگا جو اذان ظہر تک چلتا رہے گا۔ بعد مغرب حضرت مولیٰ علی کی ولادت کا جشن و عرس منعقد ہوگا جو اذان عشاء تک جاری ہے گا اور دعا پر یہ نورانی مجالس تمام ہوں گی۔
حضرت مخدوم منعم پاک بارگاہ نبوت کی اجازت و بشارت سے پٹنہ تشریف لائے اور اس پاکیزہ اشارے نے آپ کو عوام و خواص سب کامرکز نگا ہ و نظر بنادیا۔ آپ کو عدیم المثال قبولیت اور تعظیم و تکریم حاصل ہوئی۔ مشایخ کرام، پیرزادے، علماء و دانشوران، جوگی بیراگی سب آپ کے آگے زانوئے ادب تہہ کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ قدیم سنہری دور پلٹ آیا۔ بے شمار کا ملین پیدا ہوئے اور انگنت خانقاہیں وجود میں آئیں۔ شمالی مشرقی ہندوستان آپ کے فیضان سے چمک اٹھا۔ آپ کی خانقاہ فروغ خسر وخوباں کی مصداق بنی، بے مثال عزم و ارادے کے ساتھ تبلیغ و دعوت اور رشد وہدایت کا مرکز عظیم بن گئی۔ آج بھی آپ کی درگاہ عالیہ ہر مذہب و ملت کے خور دو کلاں کے لیے عقیدت اور محبت کا منبع ہے۔