اپیندر کشواہا کے پوسٹر میں للن سنگھ کو نہیں ملی جگہ

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 19th Feb

پٹنہ ، 19 فروری : جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے لیڈر اوپیندر کشواہا کی کال پر ا?ج اتوار کے روز پٹنہ کے سنہا لائبریری میں دو روزہ میٹنگ شروع ہوئی۔ اس کے لیے کشواہا نے بینر اور پوسٹر لگائے ہیں، لیکن پارٹی صدر کو اس میں جگہ نہیں ملی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ میٹنگ کے ذریعے وہ پارٹی کے سرکردہ لیڈروں کو طاقت کا احساس دلا رہے ہیں۔
کشواہا نے ‘ جنتا دل یونائیٹڈ کے ساتھیوں کی میٹنگ ‘ کے عنوان سے ایک پوسٹر لگایا ہے۔ اوپیندر کشواہا کے علاوہ اس میں بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کی تصویر ہے۔ ان کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ سابق قومی صدر جے ڈی یو و وزیر اعلیٰ بہار۔ اس پوسٹر میں جارج فرنانڈس اور شرد یادو کی تصاویر بھی لگائی گئی ہیں لیکن للن سنگھ کو جگہ نہیں دی گئی۔ ایسا کرکے اوپیندر کشواہا نے للن سنگھ کو نشانہ بنایا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اوپیندر کشواہا نے پہلے بھی کہا تھا کہ جے ڈی یو صرف نتیش کمار یا للن سنگھ کی پارٹی نہیں ہے ، بلکہ یہ جارج فرنانڈس اور شرد یادو سمیت لاکھوں لوگوں کی پارٹی ہے ، جس نے جے ڈی یو کو مضبوط کیا۔ کشواہا نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ جے ڈی یو نہیں چھوڑنے والے ہیں ، بلکہ وہ جے ڈی یو میں اپنا حصہ چاہتے ہیں۔ جے ڈی یو لیڈروں کی یہ میٹنگ دو دن تک چلے گی۔