ایئرپورٹ پر امریکہ اور یو اے ای کی کرنسی برآمد، تین گرفتار

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 25th Feb

نئی دہلی،25فروری:راجدھانی کے آئی جی آئی ایئرپورٹ پر تین ہندوستانی شہریوں کو اپنے ساتھ غیر ملکی کرنسی اسمگل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑا گیا ہے۔ سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس کے عہدیداروں نے مزید تحقیقات کے لئے کسٹم ڈپارٹمنٹ کو اس معاملے سے آگاہ کیا۔ معاملے میں تفتیش جاری ہے۔سی آئی ایس ایف کے ایک اہلکار نے بتایا کہ 24 فروری کو ٹرمینل 3 کے چیک ان ایریا میں ایک شہری کی مشتبہ حالت میں پایاگیا۔ فورس کے جوان اس پر نظر رکھنے لگے۔ معلوم ہوا کہ اس شخص کو انڈیگو کی فلائٹ سے دبئی جانا ہے۔اس کے بعد اسے مسافروں کی لائن سے الگ کرنے اور اس کے سامان کی تلاشی لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ جب اس کا سامان ایکسرے کا پتہ لگانے والی مشین میں ڈالا گیا تو ایک مشکوک چیز دکھائی دی۔ مسافر پھر چیک اِن کا عمل مکمل کرنے کے بعد بورڈنگ کا انتظار کرنے لگا۔یہاں سی آئی ایس ایف کے جوانوں نے ٹرمینل میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج ا سکین کرکے ملزمین کی سرگرمیوں پر نظر رکھی۔ فوٹیج کوا سکین کرنے پر معلوم ہوا کہ ملزم کے ساتھ دو اور افراد بھی تھے۔ ان دونوں کی شناخت بھی ہو گئی۔ اس کے بعد تینوں کو فورس اہلکاروں نے آگے جانے سے روک دیا۔جب ان کے سامان کی تلاشی لی گئی تو معلوم ہوا کہ وہ اپنے ساتھ غیر ملکی کرنسی لے جا رہے تھے۔ ان کے پاس سے متحدہ عرب امارات اور امریکہ کی کرنسی ملی۔ برآمد شدہ غیر ملکی کرنسی کی مالیت تقریباً 50.5 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ ملزمان کے نام سندیپ ورما، تشار ملہوترا، چاہت گرگ ہیں۔ کسٹم افسران تینوں سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔