ای ڈی کے چھاپوں سے کانگریس نہیں ڈرے گی: کھڑگے

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 20th Feb

نئی دہلی، 20 فروری: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے چھتیس گڑھ میں کانگریس لیڈروں کے گھروں اور دفاتر پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی کارروائی پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔
کھڑگے نے پیر کو ٹویٹ کیا کہ کانگریس ای ڈی کی کارروائی سے خوفزدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ ان کی پارٹی مودی حکومت کی ان دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں ہے بلکہ مضبوطی سے اس کا مقابلہ کرے گی۔
کھڑگے نے کہا کہ مودی حکومت بھارت جوڑو یاترا کی زبردست کامیابی سے خوفزدہ ہے۔ یہ حکومت تحقیقاتی ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 9 سالوں میں ای ڈی کے ذریعہ کئے گئے 95 فیصد چھاپے اپوزیشن لیڈروں کے خلاف تھے اور زیادہ تر کانگریس لیڈروں کے خلاف تھے۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی طرف سے چھتیس گڑھ کے ہمارے کانگریس لیڈروں پر ای ڈی کا غلط استعمال کرتے ہوئے چھاپہ رائے پور میں کانگریس کے کنونشن سے پہلے بی جے پی کی بزدلی کو ظاہر کرتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کوئلہ کانکنی معاملے کے سلسلے میں ای ڈی نے آج چھتیس گڑھ میں کئی مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ اس دوران ای ڈی نے کئی کانگریس لیڈروں کی رہائش گاہوں اور دفتر کے احاطے پر بھی چھاپے مارے ہیں۔ جس پر کانگریس نے اعتراض کیا ہے۔
کانگریس پارٹی نے پیر کو دہلی میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں اس معاملے پر ایک پریس کانفرنس بھی کی۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اس طرح کی کارروائی ہمیں وزیر اعظم مودی اور ان کی حکومت کے دوہرے معیار کے انتقام کی سیاست کی مزید سختی سے مخالفت کرنے کی ترغیب دے گی۔