Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 21st Feb
کراچی ، 21فروری :پاکستان کے کپتان بابر اعظم اپنی ناقص انگریزی کی وجہ سے مسلسل ناقدین کے نشانے پر ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں سوشل میڈیا پر مسلسل ٹرول کیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر بابر اعظم پر بہت زیادہ میمز بنائے جاتے ہیں۔ اب پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بابر اعظم کا مذاق اڑایا ہے۔ راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور شعیب اختر کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کی کمیونی کیشن سکلز اچھی نہیں ہیں۔وہیں انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کوئی بڑا برانڈ نہیں، کیونکہ اس کھلاڑی کی انگلش خراب ہے۔شعیب اختر نے کہا کہ کرکٹ کھیلنا اور میڈیا سے بات کرنا دو الگ چیزیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ ٹھیک سے بات نہیں کر پائیں گے، تو آپ اپنا اظہار صحیح طریقے سے نہیں کر پائیں گے۔ یہی مسئلہ پاکستانی کپتان کا ہے۔ وہ اپنے اظہاربیان سے قاصر ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ دیکھ رہے ہیں کہ بابر اعظم جب بولنے کیلئے آتے ہیں تو عجیب سا ماحول بن جاتا ہے۔شعیب اختر نے سوالیہ لہجے میں کہا کہ انگریزی سیکھنا اور بولنا کتنا مشکل ہے۔ کرکٹ کھیلنا اور بات ہے لیکن میڈیا کو ہینڈل کرنا ایک مشکل بھرا کام ہے۔ اگر آپ ٹھیک سے بات نہیں کر پائیں گے تو آپ مافی الضمیر کا اظہار نہیں کر پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم پاکستان میں ایک بڑا برانڈ بن سکتے تھے، لیکن وہ ایسا نہیںہے۔ وہ پاکستان میں بڑا برانڈ کیوں نہیں؟ کیونکہ وہ ٹھیک سے انگریزی بولنے پر قادر نہیں ہے۔