Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 13th Feb
پٹنہ،12 فروری (ہ س)۔ بہار کے گورنر بدل گئے ہیں۔ پھاگو چوہان کی جگہ اب ہماچل پردیش کے گورنر راجیندر وشوناتھ کو بہار کا نیا گورنر بنایا گیا ہے، پھاگو چوہان اب میگھالیہ کے گورنر ہوں گے۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے 13 ریاستوں کے نئے گورنروں کا تقرر کیا ہے۔ جس میں بہار کے گورنر پھاگو چوہان کا تبادلہ میگھالیہ کر دیا گیا ہے۔ وہیں ہماچل پردیش کے گورنر راجندر وشواناتھ آرلیکر کو بہار کا نیا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ بہار کے گورنر پھاگو چوہان کو 29 جولائی 2019 کو بہار کا گورنر مقرر کیا گیا تھا۔ اس وقت کے گورنر لال جی ٹنڈن کو ہٹا کر پھاگو چوہان کو یہ ذمہ داری سونپی گئی تھی۔پھاگو چوہان نے بہار کے گورنر کے طور پر ساڑھے تین سال کی مدت پوری کی۔ وہیں راجندر وشواناتھ آرلیکر نے 13 جولائی 2021 کو ہماچل کے نئے گورنر کے طور پر حلف لیا تھا۔راجندر آرلیکر گوا کی سیاست کا ایک اہم چہرہ ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکن کے طور پر اپنا سیاسی سفر شروع کرنے والے آرلیکر گوا میں ایم ایل اے اور پھر وزیر رہ چکے ہیں۔راجندر وشواناتھ آرلیکر بہار کے 41ویں گورنر ہوں گے۔ وہ 2002 سے 2007 تک ایم ایل اے رہے۔ وہ 2012 سے 2015 تک گوا اسمبلی کے اسپیکر رہے۔ اکتوبر 2015 سے 2017 تک وہ جنگلات، ماحولیات اور پنچایتی گوا کے وزیر مملکت رہے۔ اس کے بعد انہیں ہماچل پردیش کا گورنر بنایا گیا تھا۔ راجندر آرلیکر 23 اپریل 1954 کو پنجی گوا میں پیدا ہوئے۔ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما رہ چکے ہیں۔ انہوں نے اپنی ڈگری ایم ای ایس کالج، واسکو ڈی گاما، گوا سے حاصل کی۔ راجندر وشواناتھ بچپن میں ہی آر ایس ایس میں شامل ہو گئے تھے۔ ایک طویل عرصے تک سنگھ میں مختلف ذمہ داریوں پر رہے۔ آرلیکر نے 1989 میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ اس وقت ان کی عمر 35 سال تھی۔