Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 20th Feb
دربھنگہ(فضا امام) 20 فروری:- جماعت اسلامی ہند کے قیام کے 75 سال پورے ہونے پر پورے ہندوستان میں جماعت اسلامی ہند کا تعارف ہر ہندوستانی تک پہونچنا نے کے لئے کوششیں جاری ہیں _اسی سلسلے کی کڑی کے طور پر جماعت اسلامی دربھنگہ نے مورخہ 19فروری بروز اتوار بعد نماز مغرب تا عشاء درسگاہ اسلامی ،پرانی منصفی ،دربھنگہ میں ایک خطاب عام کا انعقاد کیا -جس میں جماعت اسلامی ہند اور اس آئی او آف انڈیا کے مرکزی ذمہ داران نے خطاب کیا۔پروگرام کا آغاز مولانا سجاد احمد فلاہی کے تلاوت قرآن پاک اور دانیال آفاقی کے نعتیہ کلام سے ہوا۔پروفیسر امتیاز احمد نے جماعت اسلامی ہند ،جدوجہد کے پچھتر سال کا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ: آج سے 75سال قبل تقسیم ہند کے بعد 16 اپریل 1948 کو الہ آباد میں جماعت اسلامی ہند کی تشکیل نو ہوئی _گزشتہ پچھتر سالوں میں نشیب و فراز کی منازل طے کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند نے ملک گیر سطح پر اللّٰہ رب العزت کی نصرت و حمایت سے اپنا مقام بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔جنرل سکریٹری اس آئی او آف انڈیا سلمان مبین خان نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ جماعت اسلامی ہند کی 75سالہ جدو جہد کی تاریخ میں دربھنگہ کو یہ شرف حاصل ہے کہ جماعت اسلامی ہند کا ابتدائی زمانہ کا ایک اہم اجتماع حسنین سید رحمتہ اللہ علیہ کی دعوت پر اسلام نگر ،رسول پور ،دربھنگہ میں منعقد ہوا جس میں بانیے جماعت اسلامی حضرت مولانا ابوالاعلیٰ مودودی رحمتہ اللہ علیہ نے شرکت کی۔موصوف نے فرمایا کہ خلافت عثمانیہ کے سکوت کے بعد عالمی سطح پر مسلمانوں کے اندر دین کا محدود تصور پیدا ہوگیا -دین مساجد اور مدارس تک محدود ہو گیا -ان حالات میں مولانا ابوالاعلیٰ مودودی رحمتہ اللہ علیہ نے برصغیر ہندوپاک میں دین اسلام کا قرآنی اور انبیائی تعلیمات کی بنیاد جماعت اسلامی کی بنیاد رکھی _بڑے پیمانے پر اسلامی لٹریچر تیار کیا۔قرآن مجید کی تفسیر لکھی اورمختلف زبانوں میں قرآن مجید کے تراجم کئے گئے _مسلم مردو عورت اورطلباء و طالبات میں دین اسلام کا وسیع تصور پیدا کرنے مسلسل اور منظم کوششیں کی گئیں _جس کے نتیجے کے طور پر آج اس آئی او آف اور جی آئی او آف انڈیا سے منسلک ہزاروں کی تعداد میں باکردار اور متحرک طلباء وطالبات کی ٹیم اصلاحی و دعوتی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔محترم عبد الجبار صدیقی , سکریٹری جماعت اسلامی ہند نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ جماعت اسلامی ہند نے اپنے پچھتر سالہ جدو جہد میں ہندوستان ،ہندوستانی مسلمانوں اور برادران وطن کو بہت کچھ دیا ہے۔

