راجیو گاندھی کینسر اسپتال میں ہوگا غریبوں کا مفت علاج

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 9th Feb

نئی دہلی،9فروری: راجیو گاندھی کینسر ہسپتال غریب لوگوں کو ان کے لیے مقرر کردہ کوٹے کے تحت مفت علاج فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ اسپتال نے بدھ کو دہلی ہائی کورٹ میں اس کے لیے اپنی رضامندی داخل کی۔ اسپتال کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ یکم مارچ سے وہ غریب مریضوں کو اپنی او پی ڈی میں 25 فیصد اور آئی پی ڈی میں 10 فیصد تک مفت علاج فراہم کرے گا۔ ہائی کورٹ ایک این جی او ’سوشل جیورسٹ‘کی طرف سے دائر مفاد عامہ کی عرضی کی سماعت کر رہی تھی۔ درخواست میں الزام لگایا گیا کہ ادارے نے گزشتہ دو دہائیوں میں غریب مریضوں کا مفت علاج نہیں کیا۔ چیف جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس سبرامنیم پرساد کی بنچ نے اپنے حکم میں ہسپتال کا بیان ریکارڈ کیا اور اس یقین دہانی پر درخواست نمٹا دی کہ وہ غریبوں کا مفت علاج کرے گا۔ بیان کو مدنظر رکھتے ہوئے، بنچ نے حکم میں کہاکہ ہسپتال کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ای ڈبلیو ایسکے مریضوں کا اوپی ڈی میں 25 فیصد اور آئی پی ڈی میں 10 فیصد تک مفت علاج کرے۔این جی او نے سال 2018 میں ایڈوکیٹ اشوک اگروال کے ذریعے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ تنظیم نے دعویٰ کیا کہ اسپتال کو ڈی ڈی اے سے رعایتی شرح پر زمین اس شرط پر دی گئی تھی کہ وہ غریب مریضوں کو آئی پی ڈی میں 10 فیصد اور او پی ڈی میں 25 فیصد تک مفت علاج فراہم کرے گا، لیکن ادارہ ایسا نہیں کر رہا ہے۔ اگروال نے عدالت کو بتایا تھا کہ 2007 میں ہائی کورٹ اور جولائی 2018 میں سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ جن اسپتالوں کو رعایتی نرخوں پر زمین الاٹ کی گئی ہے، انہیں آئی پی ڈی میں 10 فیصد غریب مریضوں اور او پی ڈی میں 25 فیصد غریب مریضوں کا مفت علاج کرنا ہوگا۔