زکوۃ کی رقم مسلمانوں کی معاشی ، تعلیمی اور سماجی ترقی کے لئے بھی خرچ ہونا چاہئے: ایس امین الحسن، چیئرمین ’ زیڈ سی آئی‘

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 26th Feb

نئی دہلی ’’ ایمان کے بعد مذہب اسلام میں جن عبادتوں کوبنیادی ستون کی حیثیت حاصل ہے ، ان میں ایک اہم ستون زکوۃ ہے۔ نماز جیسی اہم عبادت کے لئے بھی ایک نظام قائم ہے،مسجدیں موجود ہیں جہاں جاکر لوگ اس اہم فریضے کی ادائیگی کرتے ہیں۔مگر زکوۃ کی ادائیگی کے لئے ایسے ادارے بہت کم ہیں جو منظم طریقے پر مسلمانوں سے زکوۃ وصول کرے اور وہیں کے ضرورتمندوں پر خرچ کرے۔اسی ضرورت کے پیش نظر سال 2022 میں ’’ زکوہٰ سینٹر انڈیا‘‘ کا قیام عمل میں آیا ۔ اس سینٹر نے اول سال ملک کے دس شہروں میں کام کیا اور امسال اس کا دائرہ بڑھا کر بیس شہروں تک پہنچنے کا منصوبہ ہے۔’سینٹر ‘ متعلقہ شہر کے مالداروں سے زکوۃ وصول کرتا ہے اور پھر وہاں کی ضرورتوں اور تقاضوں کے مطابق غریبوں اور نادروں پر صرف کرتا ہے ‘‘۔ یہ باتیں زکوۃ سینٹر انڈیا‘‘ کے چیئر مین ایس امین الحسن صاحب نے نئی دہلی میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ ہر صاحب نصاب مسلمان پر اس کے مال میں مقررہ وقت پورا ہونے کے بعد زکوۃ کی ادائیگی واجب ہوتی ہے ۔ اسلام نے جن آٹھ مدات میں خرچ کا حکم دیا،انہی میں سینٹر رقم خرچ کرتا ہے۔سینٹر جمع شدہ رقم کو تین بڑے خانوں میں تقسیم کرکے خرچ کرتا ہے۔کچھ بنیادی ضروریات کی تکمیل میں ایک بڑا حصہ خرچ کرتا ہے جن میں تعلیم اور بے روزگاروں کے لئے روزگار فراہم کرنا شامل ہے۔خواتین کی معاشی بہتری کے لئے بھی اسکیم شامل ہیں ۔ زکوۃ سے جہاں غریبوں اور بے سہاروں کو مالی تعاون ملتا ہے، وہیں اس نظام سے سماج کے مالداروں کی دولت کی منصفانہ تقسیم کو بھی فروغ ملتا ہے جس سے مسلم کمیونٹی میں یکجہتی کا احساس پیدا ہوتا ہے۔شریعت نے مالداروں کی دولت میں بہت قلیل مقدار میں زکوۃ لازمی قرار دیاہے۔ ‘‘۔جناب ایس امین الحسن نے کہا کہ ’’ زکوۃ کے صحیح حقدار کی شناخت کرکے مستحقین تک اس کو پہنچانا ایک حساس اور اہم ذمہ داری ہے ۔ زکوۃ سینٹر انڈیا‘‘ اس ذمہ داری کو بحسن و خوبی نبھا رہا ہے اور وصول کی گئی زکوۃ کو کئی طریقے سے مستحقین تک پہنچاتا ہے۔مستحقین کی جانچ کے لئے میدان میں اس کی ٹیم کام کرتی ہے۔ بیماروں کا معالجہ، غریب طلباء کو اسکالر شپ اور بھوکوں کو کھانا فراہم کرنے کے علاوہ ہنر سیکھنے اور چھوٹے چھوٹے کاروبار کے لئے بھی امداد دیتا ہے۔’’زکوۃ سینٹر انڈیا ‘‘ جمع شدہ فنڈز کو منظم اور موثر طریقے پر تقسیم کرتا ہے تاکہ غریبی سے پاک اور خود انحصار مسلم کمیونٹی بنائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ’ سینٹر ‘کے تمام عمل میں شفافیت کا پورا خیال رکھا جاتا ہے۔ پیسہ کہاں سے کتنا، کب آیا اور کس نوعیت سے خرچ ہوا، تمام تفصیلات ہمہ وقت دستیاب ہوتی ہیں‘‘۔ کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے’’ زکوۃ سینٹر انڈیا ‘‘ کے سکریٹری انجینئر عبد الجبار صدیقی صاحب نے کہا کہ ’’ زکوۃ سینٹر انڈیا‘‘ نے اپنے قیام کے پہلے سال ایک ہزار سے زیادہ ضرورت مند وں کو روزی روٹی کے منصوبے میں اور پانچ سو سے زیادہ لوگوں کو ہنر مندی اور تعلیم میں مدد فراہم کی۔ سینٹر نے ’’ مواساۃ اسکیم ‘‘ کے تحت پانچ سو خاندانوں کی ہزار روپے فی بالغ اور پانچ سو روپے فی بچہ کے حساب سے امداد دی۔ ’ زکوۃ سینٹر انڈیا ‘ نے جن دس شہروں میں اپنی شاخیں قائم کی، وہاں پندرہ سو سے زیادہ کمیونٹی کے لوگ رضاکارانہ طور پر کام کررہے ہیں۔ دوسرے سال مزید شاخیں قائم کرنے اور پانچ ہزار سے زائد خاندانوں کو سہولیات فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔کانفرنس کی نظامت سینئر صحافی سید خلیق احمد نے کی۔