Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 24th Feb
ممبئی ،24فروری:سابق صدر جمہوریہ پرتبھا پاٹل کے شوہر اور معروف ماہرتعلیم اور سیاستداں ڈاکٹر دیوی سنگھ رن سنگھ شیخاوت جمعہ کی صبح انتقال کر گئے۔ وہ 88 سال کے تھے اور انہوں نے پونے کے ایک اسپتال میں آخری سانس لی۔ آنجہانی شیخاوت کے پسماندگان میں اہلیہ پرتبھا پاٹل، بیٹا راجندر سنگھ شیخاوت اور ایک بیٹی جیوتی راٹھور شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق دیوی سنگھ شیخاوت 12 فروری کی صبح اپنی رہائش گاہ کے باہر لان میں پھسل کر گر گئے تھے۔ ان کی سرجری بھی ہوئی لیکن وہ کئی دیگر پریشانیوں میں مبتلا ہو گئے، جس میں ہائی بلڈ پریشر ،گردے فیل ہونے جیسی امراض تھے۔ شیخاوت کی آخری رسومات شام 7 بجے ویکنٹھ دھام میں ادا کی جائیں گی۔واضح رہے کہ 89 سالہ پرتبھا پاٹل ہندوستان کی پہلی خاتون صدر جمہوریہہیں اور وہ 2007 سے 2012 تک اس عہدے پر فائز رہیں۔ 60 سالہ ازدواجی زندگی میں یہ ان کے لیے صدمہ کی گھڑی ہے۔ ان کا خاندان زراعت اور تعلیم کے پیشے سے وابستہ رہا ہے۔ شیخاوت کاتعلق امراوتی سے ہے، وہ 92-1991 میں امراوتی کے پہلے میئر منتخب ہوئے اور 90-1985 کے درمیان مہاراشٹر اسمبلی کے رکن رہے۔

