Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 22nd Feb
ریاض ،22فروری:سعودی عرب کی پہلی پروفیشنل خاتون باکسرنے اس یقین کا اظہارکیاہے کہ وہ آیندہ اتوار کو دارالحکومت الریاض میں اپنا پروفیشنل مقابلہ جیت جائیں گی۔ان کا یہ مقابلہ دومعروف عالمی باکسروں جیک پال اور ٹومی فیوری کے درمیان الدرعیہ ایرینا میں بین الاقوامی میچ کے موقع پرہوگا۔رغدالنعیمی نے ایک بیان میں کہا:’’مجھے یقین ہے کہ میں جیت جاؤں گی۔میں نے اپنی تربیت پربھرپور توجہ دی ہے،میں ہمیشہ اعلیٰ سطح پرکارکردگی دکھانا چاہتی تھی،اورمیں یہ ثابت کرنے کے لیے پْرعزم ہوں کہ میں بین الاقوامی کارڈز پرمقابلہ کرسکتی ہوں‘‘۔رغدالنعیمی کاکہناتھا کہ ’’یہ ایک بہت قریبی مقابلہ ہوگا۔فیوری ایک پروفیشنل باکسرہیں اور پال نے اب تک شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔میں یہ دیکھنے کے لیے پرجوش ہوں کہ کون جیت حاصل کرے گا۔میں پال کی طرف زیادہ جھکاؤ رکھتی ہوں، لیکن ہم دیکھیں گے کون جیتتا ہے‘‘۔28 سالہ سعودی باکسرالدرعیہ میں چکاچوند روشنیوں کے نیچے پرپیچوئل عکیدہ کے مدمقابل ہوں گی۔انھوں نے کہاکہ بین الاقوامی باکسنگ ایونٹ میں حصہ لینے والی پہلی سعودی خاتون ہونے پر مجھے بہت فخرہے۔ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ایک دن میں اپنے آبائی ملک میں اتنے بڑے بین الاقوامی اسٹیج پر اپنے جوہر دکھاسکوں گی‘‘۔انھوں نے کہا کہ ’’سعودی عرب ایک فعال، متحرک ملک ہے جو اپنے نوجوانوں کی حمایت کرتا ہے اور ان کی قدر کرتا ہے۔میں 26 فروری کو ایک بڑے میچ کے موقع پرمقابلہ کرکے اس کا حصہ بننے کی شدت سے منتظر ہوں‘‘۔النعیمی امریکا میں تعلیم حاصل کرنے کے دوران میں باکسنگ سے متعارف ہوئی تھیں۔انھوں نے وہیں باکسنگ کی تربیت حاصل کی تھی اورانھوں نے مملکت میں واپس آنے کے بعد بھی اپنے شوق کو جاری رکھا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ’’مجھے باکسنگ فطری جبلت کی وجہ سے آئی ہے۔عام طور پرباکسر بہت کم عمر میں تربیت شروع کر دیتے ہیں، جبکہ میں نے 20 کے پیٹے میں تربیت شروع کی تھی۔جب سے میں نے باکسنگ شروع کی ہے،مجھے معلوم تھا کہ میں اس کھیل میں بہترہوں۔چناں چہ اس کے لیے میری محبت کبھی کم نہیں ہوئی ہے‘‘۔سعودی عرب نے حالیہ برسوں میں باکسنگ کے متعدد بڑے بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی کی ہے۔ان میں 2019 میں انتھونی جوشوا اوراینڈی روئزجونیئرکے درمیان ’کلیش آن داڈونز‘مقابلہ بھی شامل تھا۔اس کے بعد سے سعودی عرب کی باکسنگ فیڈریشن نے نئے رجسٹرڈ باکسروں کی تعداد میں 300 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا ہے۔اب ملک بھرمیں 59 سرکاری باکسنگ جِم ہیں جبکہ 2019 میں صرف سات تھے۔

