سورو گنگولی کی بائیوپک بنے گی، رنبیر کپور ’دادا‘ کا نبھائیں گے کردار

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 22nd Feb

نئی دہلی ،22فروری: پچھلے کچھ مہینوں سے ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی پر فلم بنانے کی خبریں مسلسل سرخیوں میں تھیں۔ اب اگر کچھ میڈیا رپورٹس پر یقین کیا جائے تو گنگولی کی بایوپک بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سورو گنگولی نے اپنی بایوپک کے اسکرپٹ کو منظوری دے دی ہے اور اب اس فلم کی شوٹنگ جلد شروع ہو سکتی ہے۔فلم میں رنبیر کپور سورو گنگولی کا کردار ادا کرنے جا رہے ہیں۔ان کے علاوہ دیگر کرکٹرز کا کردار کون ادا کرے گا اس بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ فلم میں ایم ایس دھونی کا کردار بھی نظر آئے گا۔سورو گنگولی ہندوستانی ٹیم کے کامیاب ترین کپتانوں میں سے ایک رہے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم کو جارحانہ انداز دینے کا کریڈٹ گانگولی کو ہی جاتا ہے۔ انہوں نے ہمیشہ نوجوانوں کو ٹیم میں موقع دیا۔ وریندر سہواگ، یوراج سنگھ، محمد کیف، ہربھجن سنگھ ،عرفان پٹھان ،ظہیرخان اور ایم ایس دھونی جیسے کھلاڑی گنگولی کی تلاش ہیں۔ اس دور میں گنگولی اپنی جارحیت کے لیے مشہور تھے۔سورو گنگولی بطور کپتان بہت کامیاب رہے، اس کے ساتھ وہ بلے باز کے طور پر بھی بہت کامیاب رہے۔ سورو گنگولی نے اپنے کیریئر میں 18 ہزار سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔ ان کے نام بین الاقوامی کرکٹ میں 38 سنچریاں اور 107 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ٹیسٹ اور ونڈے دونوں فارمیٹس میں ان کی بیٹنگ اوسط 41+ ہے۔ وہ اپنے کیریئر میں 132 وکٹیں بھی لے چکے ہیں۔سورو گنگولی اپنی بار بار واپسی کے لیے بھی جانے جاتے ہیں۔ درحقیقت اپنے کیریئر کے آخری دور میں آؤٹ آف فارم ہونے کی وجہ سے انہیں کئی بار ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ،لیکن ہر بار انہوں نے زبردست واپسی کی۔ آئی پی ایل میں بھی انہوں نے کچھ مواقع پر اسی طرح کی واپسی کی۔ اس دوران انہیں ’کم بیک کنگ ‘کا نام بھی دیا گیا۔