Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 24th Feb
دینی ماحول میں عصری تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے:- مولانا آصف الرحمٰن جامعی
ارریہ:- ( مشتاق احمد صدیقی ) مولانا ابوالکلام آزاد نیشنل ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئرٹرسٹ کے زیرِ اہتمام الشمس کمپلیکس نئر کوسی پل ارریہ میں “سیدنا بلال انٹر نیشنل اسکول کا 26/فروری 2023ء بروز اتوار، ارریہ کی سرکردہ شخصیات کے دست مبارک سے افتتاح ہوگا۔ اس سلسلے میں سیدنا بلال انٹر نیشنل اسکول کے بانی مولانا آصف الرحمٰن جامعی اور ڈائریکٹر مولانا غالب القاسمی نے مشترکہ طور پر بتایا کہ اس تعلیمی ادارے کا مقصد علم کے چراغ کو گھر گھر تک پہنچانا اور علاقے کی ناخواندگی کو دور کرنا ہے، کیوں کہ ہمارے سیمانچل کا یہ علاقہ اقتصادی اعتبار سے کمزور ہونے کے ساتھ ساتھ تعلیمی لحاظ سے بھی پسماندگی کا شکار ہے، جن بچوں کے ہاتھوں میں کتابیں اور قلم ہوناچاہیے، ان ہاتھوں میں ہوٹلوں اور دیگر جگہوں کے چائے وغیرہ کے گلاس صفائی کے لئے ہوتے ہیں اور یہ حالات تعلیمی ترقی سے تبدیل ہوسکتے ہیں۔ بانی اسکول نے بتایا کہ بہت ہی کم فیس میں یہاں داخلہ لینے والے طلبہ اور طالبات کو معیاری عصری اور دینی تعلیمات سے آراستہ اور پیراستہ کریں گے، اس کے لئے باصلاحیت اور ذی استعداد اساتذہ کی تدریسی ٹیم تیار کرلی گئی ہے۔ بچوں کے لئے ہوسٹل کی سہولیات ہے، جہاں انہیں آرام دہ، صاف شفاف کمرے اور پرسکون ماحول میں، پوری محبت اور شفقت سے معیاری تعلیم، کوائلیٹی سے پر کھانا سمیت عمدہ تربیت سے مزین کیا جائےگا، چوں کہ اس اسکول کی نسبت صحابی رسول حضرت سیدنا بلال رضی اللہ عنہ سے ہے، اس لئے یہاں کے طلبہ کو سیدنا بلال کی طرح پہلے سچا اور پکا مسلمان پھر کامیاب انسان بنائیں گے یعنی ہمارے نصاب تعلیم میں سی بی ایس ای کے ساتھ اسلامیات بھی شامل ہے، کیوں کہ دینی ماحول میں عصری تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے۔واضح رہے کہ سیدنا بلال انٹرنیشنل اسکول” ارریہ کی افتتاحی تقریب الحاج پروفیسر رقیب احمد ڈائریکٹر کیریئر گائڈ اکیڈمی ارریہ کی صدارت میں ہوگی جبکہ مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد نیر حبیب علیگ چیئرمین “ملت فاؤنڈیشن ارریہ” اور مہمان اعزازی ڈاکٹر آصف حسین علیگ “سٹی ہسپتال ارریہ ” ہوں گے، ان کے علاوہ شہر ارریہ و اطراف سے مختلف مکتبۂ فکر کے ترجمان اور ذمہ داران اس افتتاحی تقریب میں شامل ہوں گے۔ افتتاحی تقریب کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہے۔ مولانا آصف الرحمن جامعی نے ارریہ ضلع ہیڈکوارٹر سمیت تمام نو بلاکوں کے متفکرین اور دینی حمیت رکھنے والوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپ تمام حضرات اس افتتاحی تقریب میں شرکت فرما کر تعلیمی مشن کو کامیابی سے ہم کنار کرانے میں ہمارا تعاؤن فرمائیں، کیونکہ آج ہماری قوم اگر تعلیم کے میدان میں سب سے زیادہ پسماندگی کے شکار ہیں تو اس کی سب سے اہم وجہ ناخواندگی اور تعلیم سے دوری ہے اس لئے ہماری یہ کوشش رہے گی کہ مستقبل قریب میں معاشرے کے ہر فرد تعلیم یافتہ ہو تاکہ بہتر اور صالح معاشرہ کی تشکیل ہوسکے اس کے لئے ہماری یہ بھی کوشش رہے گی کہ کم سے کم فیس پر بچوں کو بہتر تعلیم فراہم کریں تاکہ ہر کوئی مالی کمزوری کے باوجود بھی اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرسکے۔ آپ نے مزید بتایا کہ اسکولی نصاب کےساتھ منتخب بچوں کے لئےحفظ کلاس کا بھی نظم ہوگا جبکہ آنے والے تعلیمی سیشن میں غریب، یتیم، اور ائمۂ کرام کے بچوں کے لئے پندرہ سیٹیں مختص ہیں، جن کے تمام اخراجات حضرت بلال انٹر نیشنل اسکول برداشت کرےگا اور ان 15/ سیٹوں کے لئے انٹرویو اور مختصر تحقیقات کے بعد ہی داخلہ لیا جائے گا۔

