سی ایم کےہاتھوں سلونی کو ملا،زمین کا پرچہ

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 14th Feb

روہتاس :13فروری (انجم ایڈوکیٹ) وزیراعلیٰ نتیش کمار آج سمادھان یاترا کے سلسلے میں روہتاس اور اورنگ آباد کے دورے پر ہیں۔ اس دوران وزیراعلیٰ نے دونوں ضلعوں میں حکومت کی جانب سے چلائے جارہے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور جیویکا دیدیوں کے ذریعہ لگائے گئے اسٹال کا بھی معائنہ کیا۔ جائزہ کے دوران وزیراعلیٰ جب روہتاس ضلع کے ایک اسکول میں پہنچے تو وہاں سلونی نام کی طالبہ نے نشہ مخالف گیت گاکر وزیراعلیٰ کوواہ واہ کہنے پر مجبور کردیا۔ سلونی نے سی ایم کے سامنےنشہ مخالف گیت گایا ۔ سلونی نے یہ گیت تب گایا جب سی ایم پسماندہ اور انتہائی پسماندہ طبقہ گرلس رہائشی اسکول موکر پہنچے اور اسکول کا افتتاح کیا۔ سلونی مڈل اسکول پتلوکا کی طالبہ ہے ۔ اس موقع پر سلونی کے اس گیت پر وزیراعلیٰ  نے انہیں 3ڈسمل زمین کا پرچہ بھی دیا ۔ پرچہ سلونی کی ماں منجو دیوی کے نام ہے اور اس کے گائوں علی نگر میں یہ زمین دی گئی ہے۔دو ماہ پہلے اسکول کے اسمبلی کے بعد سلونی نے یہ نشہ مخالف گیت گایا ۔ گانے میں سلونی کے ذریعہ اپنے بھائی سے یہ گزارش کی جارہی ہے کہ ’’بھیا کبھی نشہ مت کرنا ‘‘اس نے گانے کے ذریعہ بتانے کی کوشش کی کہ نشہ کرنے ، دارو پینے سے گھروالوں کو کیا کیا پریشانیاں ہوتی ہیں۔ کس طرح سے گھر کی مالی حالت اور اس شخص کی طبیعت خراب ہوتی ہے۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ نے عوامی نمائندوں سے بھی ملاقات کی ۔ جہاں لوگوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے اپنے مسائل سے روبر وکرایا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ مکھ منتری کنیا اتھان یوجنا کا فائدہ لوگوں تک بروقت پہنچائیں ۔ اس میں تاخیر نہ کریں۔ بچیوں کی پیدائش پر دوسال پورا ہونے پر انہیں پورا ٹیکہ لگنے کے بعد دی جانے والی مالی مدد دی جائے ۔ اعلیٰ تعلیم کیلئے انٹر میڈیٹ اور گریجویشن پاس کرنے والی طالبات کو دی جانے والی حوصلہ افزائی رقم میں تاخیر نہ کریں۔ بجلی کے سلسلے میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ صارفین کو کم از کم شرح پر بجلی کی فراہمی کرائی جاتی ہے۔ بجلی بل میں کسی قسم کی گڑبڑی کی شکایت ملنے پر سخت کارروائی کی جاتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہار ملک کی پہلی ریاست ہے جہاں صارفین کے گھروں میں اسمارٹ پری پیڈ میٹر لگانے کا کام شروع کیا گیا ہے۔ پورے ملک میں اس کی تعریف ہورہی ہے۔ دھان کی وصولی کا ذکرکرتےہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس سال ہم لوگوں نے 45لاکھ میٹرک ٹن دھان کی وصولی کا نشانہ رکھا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سہسرام صدر بلاک کے سمرا گائوں کا دورہ کر سات عزائم منصوبوں کے تحت ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے جیویکا ضلع صنعتی مرکز ، ضلع اقلیتی فلاح دفتر ، ضلع رجسٹریشن اور کونسلنگ سنٹر سمیت مختلف محکمہ کے ذریعہ لگائی گئی نمائش کو دیکھا ۔ اس دوران وزیراعلیٰ نے جیویکا دیدیوں سے بات چیت کی ۔ جیویکا دیدیوں نے بتایا کہ گزر بسر منصوبہ سے غریب طبقہ کے خاندانوں سے جڑی خواتین کو کافی فائدہ ہوا ہے۔ غریب خاندانوں کی مالی حالت بہتر ہوئی ہے۔ جیویکا دیدیوں کی حوصلہ افزائی کرتےہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ بہت اچھا کام کر رہی ہیں۔ پوری مضبوطی کے ساتھ اپنے آپ کو بڑھائیں۔ اس موقع پر مالیات اور پارلیمانی امور کے وزیر وجئے کمار چودھری ، تعمیرات عمارت کے وزیر اشوک چودھری ، پسماندہ اور انتہائی پسماندہ طبقہ کے فلاح محکمہ کی وزیر انیتا دیوی ، اقلیتی فلاح کے وزیر زماں خان ، پنچایتی راج کے وزیر مراری گوتم ، چیف سکریٹری عامر سبحانی ، ڈی جی پی آر ایس بھٹی کے علاوہ دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔