سی سی ایل 2023: منوج تیواری کی طوفانی بلے بازی نے ٹیم کو بڑی جیت دلائی، اکھل اکی نینی کی ایک اور شاندار اننگ

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 26th Feb

نئی دہلی ، 26فروری :سلیبریٹی کرکٹ لیگ 2023 کا جوش ان دنوں زوروں پر ہے۔ ٹورنامنٹ میں گزشتہ روز دو میچ کھیلے گئے۔ جے پور میں کھیلے گئے پہلے میچ میں بھوجپوری دبنگ کا مقابلہ چنئی رائنوز سے ہوا، جس میں منوج تیواری کی قیادت والی ٹیم نے مقابلہ 9 وکٹوں سے جیت لیا۔ دوسرے میچ میں، اکھل اکی نینی کی قیادت میں تیلگو واریئرز نے ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری جیت درج کی۔ انہوں نے بنگال ٹائیگرز کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔
بھوجپوری دبنگ بمقابلہ چنئی رائنوز
دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے اس میچ میں چنئی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ پہلے کھیلتے ہوئے، چنئی نے رامنا (50 رن، 26 گیندوں) کی ناٹ آوٹنصف سنچری کی مدد سے پہلی اننگ میں 107/3 رن بنائے۔ جواب میں بھوجپوری دبنگ نے آدتیہ اوجھا کے 31 گیندوں میں ناٹ آوٹ 69 رنوں کی بدولت 2 وکٹوں کے نقصان پر 134 رن بنائے اور 27 رن کی برتری حاصل کر لی۔
چنئی نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 106 رن بنائے اور بھوجپوری ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 80 رن کا ہدف ملا۔ بھوجپوری ٹیم کے لیے دوسری اننگ میں منوج تیواری نے کپتانی والی اننگ کھیلتے ہوئے 23 گیندوں میں ناٹ آوٹ48 رن بنائے جس کی بدولت دبنگ نے ہدف 7.3 اوور میں 1 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا اور میچ 9 وکٹوں سے جیت لیا۔
تیلگو واریئرز بمقابلہ بنگال ٹائیگرز
ٹورنامنٹ کے چھٹے میچ میں تیلگو واریئرز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بنگال نے پہلے کھیلتے ہوئے اپنی پہلی اننگ میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 114 رن بنائے۔ جوابی اننگ میں تیلگو کی جانب سے شاندار بلے بازی دیکھنے کو ملی۔ اکھل اکی نینی (57*) اور اشون بابو (43*) کی مدد سے ٹیم نے 126/2 کا اسکور کیا اور اسے 12 رن کی برتری حاصل ہوگئی۔
بنگال کی جانب سے دوسری اننگ میں جیشو سینگپتا نے 36 گیندوں پر ناٹ آوٹ 83 رن بنائے اور ٹیم کا اسکور 126/3 ہوگیا۔ تیلگو کو میچ جیتنے کے لیے اپنی دوسری اننگ میں 115 رنوں کا ہدف ملا جو اس نے 8.2 اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اکی نینی کو ان کی شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔