Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 10th Feb
نئی دہلی ،10فروری: ہندوستانی ٹیم کے لیے ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے۔ شریس ایئر اب اپنی کمر کی چوٹ سے ٹھیک ہونے والے ہیں۔ شریس چوٹ کی وجہ سے بارڈر گواسکر ٹرافی کے پہلے میچ یعنی ناگپور ٹیسٹ میں نہیں کھیل پائے تھے ،لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ شریس ایئر 17 فروری سے دہلی میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں واپسی کر سکتے ہیں۔بی سی سی آئی کے ایک سینئر عہدیدار نے شریس ایئر کے بارے میں انسائیڈ اسپورٹس کو بتایا کہ ان کی صحت یابی بہت اچھی ہے۔ اس نے آؤٹ ڈور ٹریننگ شروع کر دی ہے۔ وہ اس ہفتے نیٹ پر واپس آئیں گے۔ توقع ہے کہ وہ دہلی میں ٹیم میں شامل ہوں گے۔ اس کا انحصار ان کے فٹنس ٹیسٹ پر ہوگا۔ خیال رہے کہ شریس ایئر نمبر 5 کے دعویدار تھے۔ انہوں نے 2022 میں ہندوستان کے لیے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنائے لیکن ان کی چوٹ اور رشبھ پنت کے حادثے نے ٹیم انتظامیہ کو نئی حکمت عملی بنانے پر مجبور کردیا،تاہم اگر شریس فٹ ہوتے ہیں تو ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما اور کوچ راہل دراوڑ کیلئے سر درد مزید بڑھ جائے گا۔ شریس آیئر زیادہ تر ٹیسٹ فارمیٹ میں نمبر 5 پر بیٹنگ کرتے ہیں۔ ان کی چوٹ کی وجہ سے ٹیم انڈیا نے ناگپور ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے سوریہ کمار یادو کو 5ویں نمبر پر کھیلنے کا موقع دیا ہے۔نیز شاندار فارم میں چل رہے شوبھ من گل کو ڈراپ کرکے کے ایل راہل کو پلیئنگ الیون میں جگہ دی گئی ہے۔ تاہم کچھ کرکٹ ماہرین کا خیال ہے کہ کے ایل راہل کو بھی 5ویں نمبر پر کھیلنے کا موقع دیا جا سکتا ہے۔ ان کے علاوہ ایشان کشن بھی ہیں، جو رشبھ پنت کے انداز میں پانچویں نمبر پر بلے بازی کر سکتے ہیں۔ ایسے میں کوچ اور کپتان کے ساتھ نمبر 5 کے لیے 4-4 آپشنز دستیاب ہوں گے۔ اس لیے اب یہ دیکھنا بہت دلچسپ ہوگا کہ اگر شریس ایر دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے فٹ ہوتے ہیں تو ٹیم انڈیا کس پلینگ کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترتی ہے۔

