Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 28th Feb
پٹنہ (پریس ریلیز)ڈاکٹر محمد شفاعت کریم نے پریس اعلانیہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ آج مورخہ ۲۸ فروری کو گورنمنٹ طبی کالج پٹنہ میں شعبہ علم الجراحت میں ڈریسر کی عہدے پر فائز وارث رسول سبکدوش ہوئے اور اس موقع پر کالج کے سیمینار ہال میں ایک الوداعیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا آغاز شعبہ عین اذن انف و حلق کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عبید اللہ کے تلاوت قرآن پاک سے ہوا، پروگرام میں شعبہ علم الجراحت کے ریڈر ڈاکٹر راغب حسین نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ انکا کام کرنے کا طریقہ نہایت ہی مثالی تھا جس سے ہمیں بھی بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔ ڈاکٹر منصور نے کہا کہ وارث رسول نے شعبہ علم الجراحت کو سنبھال رکھا تھا، ان کے جانے سے ایک خلا پیدا ہو جائیگا ۔ تقریب کی صدارت کر رہے کالج ہذا کے پرنسپل پروفیسر توحید کبریا نے اپنے صدارتی کلمات میں کہا کہ ان کی ڈیوٹی سال بھر او پی ڈی میں ہوا کرتی تھی اور ہمیشہ وقت کے پابند رہے یہی وجہ ہے کہ سرجری ڈپارٹمنٹ نہایت ہی منظم اور مزین ہے، ان کے بعد کے لوگوں کو چاہئے کہ وہ اس میراث کو بچا کر رکھیں۔ وارث رسول 25 فروری 1983 میں گورنمنٹ طبی کالج پٹنہ میں اس عہدے پر فائز ہوئے تھے اس طرح سے انہوں نے 40سال کا ایک لمبا عرصہ گزارا۔ تقریب میں ڈاکٹر فخر الحق، ڈاکٹر تنویر عالم، رضوان نے بھی اپنے تاثرات بیان کئے۔ پروگرام میں کالج اور اسپتال کے فیکلٹی اور اسٹاف بھی موجود تھے جن میں ڈاکٹر رضیہ شاہین، ڈاکٹر شمیم، مختار وامق، محمد اشرف، ڈاکٹر نفیس اقبال، نشاط، محمد وسیم وغیرہ شامل تھے۔

