مجھے وزیراعظم بننے کی کوئی خواہش نہیں

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 17th Feb

پٹنہ؍بیگوسرائے :16فروری (تاثیر بیورو؍محمدکونین علی )وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ سمادھان یاترا کا مقصد کسی کمی کا سمادھان (حل)نکالنا ہے۔ اسی لئے ہم لوگ یاترا کرتے رہےہیں۔ نامہ نگاروں کے ذریعہ سمادھان یاترا پر بی جے پی کے طنز پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ کون کیا بولتا ہے اس کا کوئی مطلب نہیں ہے ہم صرف کام میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ سمادھان یاترا کے دوران بھی ہم کام کو ہی دیکھنے گئے تھے کہ جو منصو بہ ہم نے بنایا ہے اس منصوبے کی پیش رفت کیا ہے اگر کسی علاقے میں کوئی کمی رہ گئی ہے تو اسے دور کرنا ہےکن کن علاقوں میں اورکچھ کیا جانا ہے اس پر بھی ہم لوگ تبادلہ خیال کریں گے اور کابینہ میں فیصلہ لیکر منصوبہ بنائیں گے اور اس کو نافذ کریں گے۔ وزیراعلیٰ نےپٹنہ کے گیان بھون میں جائزہ میٹنگ میں جانے سے پہلے نامہ نگاروں سے بات چیت کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سمادھان یاترا کے دوران ہم لوگوں نے ایک ایک چیز کو دیکھا ہےاور سمجھنے کی کوشش کی ہےکہ مزید بہتری کیلئے اور کیا کرنے کی ضرورت ہے۔ بی جے پی کے طنز پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ جب وہ ہمارے ساتھ تھےتو ان کو بھی ساری چیز کا پتہ ہےآج ہم سے الگ ہوگئے ہیں تو یاترا پر طنزکر رہےہیں۔ان کی باتوں سے ہمیں کوئی مطلب نہیں ہے۔کابینہ توسیع کے سوال پر وزیراعلیٰ نے تیجسوی یادو کی موجودگی میں واضح کردیا کہ کابینہ توسیع کی کوئی جلد نہیں ہے۔ انہوں نے یہاں تک کہ کہہ دیا کہ اس بار جتنے وزیر ہیں اتنا تو شاید کبھی رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کابینہ میں تو کچھ ہی جگہ خالی ہے۔ لوگ بات کرلیں گےجب بھی چاہیں گے تو وہ ہوجائے گا۔ ایسا کچھ نہیں ہے کہ وزیرکا کافی عہدہ خالی ہے۔ جن کو ہٹنا پڑاتھا وہ اور مزید ایک لوگوں کو وزیر بنایا جاسکتا ہے۔ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کے ذریعہ 4 جنوری سے شروع کی گئی سمادھان یاترا جمعرات کے روز بیگوسرائےکے بعد پٹنہ میں مکمل ہوگئی ۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے اس سمادھان یاترا کو پوری طرح سے کامیاب بتاتے ہوئے وزیر اعظم بننے کی بات سے انکار کر دیا ہے۔کلکٹریٹ احاطہ میں واقع کارگل بھون میں جائزہ میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے نتیش کمار نے کہا کہ پورے بہار میں ایک نئے انداز سے کام ہو رہا ہے۔ عوام کے پاس جا کر ان کی بات سن کر مسئلہ حل کیا جا رہا ہے۔ سمادھان یاترا کے دوران اضلاع میں جائزہ میٹنگ کے دوران عوامی نمائندوں نے اپنی بات رکھی۔میٹنگ میں ڈی ایم کے ذریعہ کئے جارہے کاموں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کام ہو رہا ہے۔ ہمارا یہ سمادھان یاترا مکمل طور پر کامیاب رہا۔ عوامی مسائل سننے کے بعد اس کا حل کیا جا رہا ہے ، آئندہ بھی جو ضروری ہوا کریں گے۔ یہ درست مطالبہ ہے کہ بیگوسرائے میں یونیورسٹی بنائی جائے ، ہم لوگ یہ بھی چاہتے ہیں کہ یہاں میڈیکل کالج بن رہا ہے ، یونیورسٹی بھی بنائی جائے۔4 جنوری سے ہم لوگوں نے سمادھان یاترا شروع کی۔ اس میں ہم لوگوں نے دیکھا کہ وہ جو کام کر رہے ہیں وہ کتنا کامیاب ہے۔ اس دورے کا مقصد اسی کام کے عمل کو دیکھنا تھا۔ یہ ضروری تھا کہ ہم لوگ دیکھیں کہ جو ضروری ہے وہ ہو رہا ہے یا نہیں ، شناخت کریں کہ کیا نہیں ہو رہا۔ سب حل کر دیں گے۔ اگر اپوزیشن اس پر سوال اٹھاتی ہے تو ان سے پوچھیں۔ہم لوگ یاترا کر رہے ہیں ، 2009 سے یاترا شروع کئے اور اس سے پہلے بھی ہم یاترا کر چکے ہیں۔ ہم لوگوں نے 2019 تک کام دیکھا ہے ۔ اس کے بعد کورونا کی وجہ سے کچھ رکاوٹ آئی ، اس لیے ہم لوگ نہیں جا سکے۔ اب ان مسائل کو سمادھان یاترا پر دیکھا ہے۔ لوگوں سے اچھا فیڈ بیک ملا۔ یاترا کے دوران گاؤں والوں سے بات چیت کی ، کھڑے ہو کر ان کی باتیں سنی۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہاکہ کون کیا بولتا ہے اس کے بارے میں مت پوچھئے۔ لوگ ایسے ہی بولتے رہتے ہیں۔ ہم لوگ اس پر توجہ نہیں دیتے۔ ہم لوگ کام کرنے والے ہیں۔ وزیر اعظم بننے کی ہماری کوئی خواہش نہیں ہے۔ لوگ جب نعرہ لگاتے ہیں ، سوال اٹھتا ہے تو ہم انہیں روکتے بھی ہیں۔ آئی پی ایس وکاس ویبھو سمیت کئی دیگر معاملے کو وزیر اعلیٰ نے ہنستے ہنستے ٹال دیا۔وزیراعلیٰ نتیش کمارسمادھان یاترا کے آخری دن بیگوسرائے اور پٹنہ ضلع میں حکومت کے ذریعہ چلائے جارہے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔بیگوسرائے کے روشن کشواہا اور پٹنہ کے ڈاکٹر چندر شیکھر نے حکومت کی جانب سے چلائے جارہے منصوبوں کے پیش رفت سے وزیراعلیٰ کو واقف کرایا ۔ میٹنگ میں افسران کو ہدایت دیتےہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر گھر نل کا جل منصوبہ کو مینٹن رکھیں۔ بہار اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ اسکیم کا فائدہ طلبا کو ملتا رہے اس کو ہر حال میں یقینی بنائیں۔ اعلیٰ تعلیم کےلئے انٹر اور گریجویٹ پاس طالبات کو دی جانےوالی حوصلہ افزائی رقم کی ادائیگی بروقت کرائیں اور پینڈنگ درخواستوں کا نپٹارہ جلد سے جلد کرائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو سب ڈویزن چھٹے ہوئے اسے نشان زد کر وہاں ڈگری کالج کھولنے کی کارروائی کو یقینی بنائیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ بیگوسرائے ضلع کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے رہے ہیں۔ لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کیلئے کئی کام کرائے گئے ہیں۔ جائزہ میٹنگ میں مقامی نمائندوں نے وزیراعلیٰ کو بتایا برونی ریفائنری کی وجہ سے سڑک کنارے باالترتیب ٹینکر لگے رہتے ہیں جس کی وجہ سے سڑک حادثہ ہوتا رہتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ اس کے لئے جلد سے جلد پارکنگ کا انتظام کرائیں ۔ بعد میں وزیراعلیٰ نے پٹنہ ضلع کی جائزہ میٹنگ کی اور ضلع میں چل رہے ترقیاتی منصوبوں کو جلد سے جلد پورا کرنےکی ہدایت دی۔