Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 28th Feb
سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفی)سی پی آئی ایم کی زونل کمیٹی کی جانب سے منگل کو مرکزی حکومت کی عوام دشمن پالیسی اور بجٹ کے خلاف سنگھواڑہ بلاک آفس کے احاطے میں احتجاجی مارچ نکالا گیا۔ اس دوران مہنگائی، بیروزگاری، منریگا مزدوروں کو 200 دن کام اور 600 روپے اجرت، بہتر طبی انتظام، فوڈ سیکورٹی اسکیم کے تحت مستحقین کو 10 کلو اناج دینے، کسانوں کی فصلوں کی مناسب قیمت اورلون معافی ،اناج خرید و فروخت سنٹر کھولنے، بلاک ایریا میں نیل گائے، بندروں اور جنگلی جانوروں کے ہاتھوں کسانوں کی فصلوں کی تباہی کو روکنے، بے زمینوں کو رہائشی اراضی فراہم کرنے، محروم خاندانوں کو راشن کارڈ، بیت الخلا اور وزیر اعظم رہائش گاہ کی فراہمی، کبیر انتیشٹھی کے خاندانوں کو سرکاری امداد، لڑکیوں کی شادی کے استفادہ کنندگان کے مسترد فائل کو درست کرنے کے لیے ہر گاؤں میں کیمپ لگانے، کلی گاؤں کے کاغذات کی پیمائش اور قبضہ کروانے، سنگھواڑہ نگر پنچایت بانس باڑی پل اور سڑک کی تعمیر کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
بائیں بازو کے رہنما گنیش ٹھاکر نے پروگرام کی صدارت کی جبکہ نظامت سی پی آئی ایم کے زونل سکریٹری انل مہاراج نے کی۔اجتماع سے سی پی آئی ایم کے ضلع سکریٹری بورڈ ممبر کم زرعی مزدور یونین ضلع وزیر دلیپ بھگت نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت جو ملک میں انارکی کی صورتحال کی ذمہ دار ہے، اسے عوام کے مسائل سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ کسان لیڈر اور سابق مکھیا سدھیر کانت مشرا نے کہا کہ کارپوریٹ خاندان نے زراعت کے شعبے میں ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈال کر کسان کو سوچنے پر مجبور کر دیا ہے، زرعی کو لیکر ملک میں اس طرح کی صورتحال کا ہونا تشویشناک ہے۔
سکریٹری بورڈ ممبر مہیش دوبے کی قیادت میں نکالے گئے احتجاجی مارچ کے بعد بی ڈی او کو مطالبہ نامہ سونپا گیا۔اس موقع پر ایڈوکیٹ ستیندر پانڈے، ودیاانند مشرا، شیلیندر ساہ، للت سہنی منچن، رامبلی پاسوان وغیرہ نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ ہولی کے بعد بلاک زونل آفس میں ہفتہ وار ‘گھیرا ڈالو ڈیرہ ڈالو’ پروگرام ہوگا۔ 5 اپریل کو دہلی میں مجوزہ کسان مزدور سنگھرش ریلی میں شامل ہونے درخواست بھی کی ۔

