مصرمیں مسلح افراد کا پوسٹ آفس پر حملہ، 14 لاکھ پاؤنڈ لے اڑے

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 25th Feb

قاہرہ ،25فروری:مصر میں ہالی ووڈ مافیا کی فلم کے ایک سین کی طرح کی کارروائی کی گئی ہے۔ 3 نقاب پوش افراد نے جمعرات 23 فروری کی شام 6:00 بجے نیودمیاط پوسٹ آفس پر دھاوا بول دیا، 3 ملازمین کو اسلحہ کے زور پر حراست میں لے لیا۔ یہ ملازمین کام کے اوقات ختم ہونے پر اپنا کام ختم کر رہے تھے۔ ڈاکوؤں نے ملازمین کو رسیوں سے باندھ دیا۔ پھر انہوں نے آفس سے 14 لاکھ پاؤنڈ لیے اور فرار ہوگئے۔ یہ رقم 46 ہزار ڈالر کے برابر بنتی ہے۔ڈکیتی کی اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔ لگ بھگ مصر کے تمام میڈیا آؤٹ لیٹس سے اس خبر کو نشر کیا۔ پولیس کے مطابق یہ واردات صر ف 7 منٹ کے اندر انجام دی گئی۔ آغاز میں بندوق برداروں نے پولیس سٹیشن کے بالکل ساتھ موجود پوسٹ آفس سنٹر پر دھاوا بولا۔ پہلے ایک سکیورٹی اہلکار پر حملہ کیا گیا پھر تین ملازمین کو یرغمال بنا لیا اور لوٹ مار شروع کردی۔سیکورٹی سروسز نے اندرونی نگرانی کے کیمروں کے ذریعے بنائی گئی ویڈیو کا جائزہ لیا اور لوٹ مار کرنے والوں کی شناخت کی۔ سکیورٹی اہلکاروں نے کارروائی شروع کی اور سب سے پہلے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ اس کے بعد انہوں نے ایک خاتون کو حراست میں لیا۔ یہ خاتون بھی ڈکیتی کی واردات میں حصہ لے رہی تھی۔ ’’ العربیہ ڈاٹ نیٹ‘‘ نے قاہرہ کی نیوز ویب سائٹ ’’24‘‘ کا جائزہ لے کر اخذ کیا ہے کہ ڈاکوؤں میں سے ایک ڈاکو پوسٹ آفس میں کام کرنے والے ملازم کا رشتہ دار تھا۔ تیسرے ڈاکو کو گرفتار کرنے کی کوشش جاری ہے۔ویب سائٹ ’’صدی البلد‘‘ نے بتایا کہ اس ڈکیتی کے متعلق نئی چیز یہ سامنے آئی ہے کہ پوسٹ آفس کے ڈائریکٹر کی بیوی کا بھائی اس واردات کی منصوبہ بندی کرنے والا تھا۔ یہ بھی بتایا گیا کہ ایک ڈاکو نے پوسٹ آفس کی اس برانچ مینجر اور دوسرے ملازم کو ہتھکڑی لگا دی تھی۔ برانچ مینجر کی بیوی نے اپنے بھائی ایسی حرکات سے علم کا اعتراف کرلیا ہے۔