Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 25th Feb
معیاری تعلیم اور اعلیٰ اخلاق ایسے قیمتی جوہر ہیں جس سے قوموں کو سربلندی اور ترقی حاصل ہوتی ہے، مذہب اسلام نے اپنے ماننے والوں کو سب سے پہلے علم ہی کی تلقین کی اور اسلام کے آخری پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے قول و عمل سے اعلٰی اور مثالی اخلاق کا نمونہ پیش کر کے ہی تعلیم دی ہے، اس وقت خاص طور پر مسلمان کے بچے معیاری و عصری تعلیم کے دور میں بہت پیچھے ہیں، اور جو اعلٰی اخلاق کی وراثت انہیں ملی تھی وہ بھی روز بروز کم ہوتی جا رہی ہے، ضرورت ہے کہ ملت کے باشعور افراد اس طرف توجہ دیں، نئی نسل کے اندر معیاری تعلیم کے حصول کے جذبے کو فروغ دینے کے لئے مضبوط محنت کریں اور اعلٰی اخلاق کی قدروں کو بحال کرنے پر توجہ دیں، اس وقت حکومت کی طرف سے جب کہ اعلیٰ تعلیم پر بجٹ کا چھیالیس فیصد رقم خرچ ہوتی ہے اس میدان میں مسلمان بچوں کی تعداد ۲/فیصد بھی نہیں ہے، مسلمانوں میں میٹرک اور انٹر سے آگے کی تعلیم کا وہ حوصلہ یکسر مفقود ہے، جو آج دوسری قوموں کے اندر موجود ہے، اسی طرح اخلاقی گراوٹ بھی انتہا کو پہونچ رہی ہے اور پھر اس صورت حال کی وجہ سے حالات بہتر ہونے کے بجائے بدتر ہوتے جا رہے ہیں، امارت شرعیہ کا قافلہ حضرت امیر شریعت کی ہدایت پر تمام مسلمانوں کو اس طرف متوجہ کرتا ہے کہ آپ ایک نئی فکر نئے ولولے اور نئے حوصلے کے ساتھ اپنے بچوں کو معیاری تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں اور حسن اخلاق، محبت و بھائی چارگی اور اخوت و ہمدردی کی جو وراثت ہمیں ملی ہے اس کو معاشرے میں عام کرنے کی کوشش کریں، یقین رکھئے کہ دو خوبیاں ہم نے پیدا کرلی تو انشاءاللہ ملک کے حالات کی تصویر بدلے گی اور معاشرے میں بھی صالح انقلاب رونما ہوگا، ان خیالات کا اظہار امارت شرعیہ کے نائب ناظم جناب مولانا مفتی محمد سہراب ندوی قاسمی صاحب نے رات جامع مسجد کوراڈیہہ میں کہیں، امارت شرعیہ کا یہ وفد ۱۸ فروری تا ۲۶ فروری ضلع جموئی کے دورہ پر ہے، امارت شرعیہ کا یہ قافلہ اب تک بائیس مقامات پر پہونچ کر ان کو اسلامی طرز پر زندگی گذارنے، قرآن سے اپنا رشتہ جوڑے رکھنے، سماج سے برائی ختم کرنے، فتنہ ارتداد سے محفوظ رہنے دینی و عصری تعلیم حاصل کرنے، مساجد میں مکاتب قائم کرنے، آپس میں اتحاد و اتفاق رکھنے، شراب و نشہ اور سود و جوا سے معاشرہ کو پاک کرنے اور ایک کلمہ کی بنیاد ایک رہنے جیسے اہم مسائل پر توجہ دلانے کا سلسلہ جاری ہے، اب تک ان مقامات پر یہ قافلہ پہونچا لوہرا، گڑھی، اڈسار نوری مسجد، اڈسار پرانی مسجد، گگل ڈیہہ، گھورکوا، بارہ جور، بٹھل پور، خیر ڈیہہ، سبل بیگھہ،پپرا پگھار، بندھا، رحمان ڈیہہ، کیوال چلپی، پنجیا، دھنیا ٹھیکہ، رکت روہنیاں، برمسیا، کورا ڈیہہ، جامع مسجد مہراج گنج، مدینہ مسجد نیمارنگ، ڈھنڈوری۔ اس وفد کی قیادت جناب مولانا مفتی محمد سہراب ندوی قاسمی صاحب فرما رہے ہیں، واضح رہے اس وفد میں مولانا مفتی ازہد لطیفی صاحب استاذ حدیث دارالعلوم السلامیہ امارت شرعیہ پٹنہ، مولانا عبداللہ جاوید ثاقبی صاحب کارکن شعبہ تنظیم امارت شرعیہ، قاضی شریعت جموئی مولانا نعمان اختر صاحب، جناب مولانا احمد حسین صاحب ناظم مدرسہ اصلاح المسلمین لوہرا جموئی، جناب مولانا صبغت اللہ صاحب مظاہری مہتمم مدرسہ اشاعت الحق گڑھی جموئی، جناب ماسٹر نثار احمد صاحب رحمانی کنوینر اصلاح معاشرہ کمیٹی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، جناب قاری بشیرالدین صاحب صدرالمدرسین مدرسہ اصلاح المسلمین لوہرا جموئی، جناب مولانا مزمل حسین صاحب قاسمی مبلغ امارت شرعیہ، جناب مولانا ارشاد احمد رحمانی مبلغ امارت شرعیہ پٹنہ، الحمدللہ امارت شرعیہ کا یہ دعوتی و اصلاحی وفد جس جگہ بھی پہونچا مقامی علماء و خواص اور عوام نے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کیا، یہ اجلاس مولانا مزمل حسین قاسمی مبلغ امارت شرعیہ اور مولانا ارشاد احمد رحمانی کی محنت و کوشش سے کامیاب ہوئے ۔

