نسیم شاہ بنگلہ دیش پریمئر لیگ ادھورا چھوڑ کر پاکستان روانہ

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 2nd Feb

ڈھاکہ 2فروری:پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ بنگلہ دیش پریمئر لیگ ادھورا چھوڑ کر وطن واپسی کے لیے روانہ ہوگئے۔سوشل میڈیا پر نسیم شاہ نے پیغام کے ذریعے اطلاع دی کہ وہ بنگلہ دیش سے روانہ ہورہے ہیں۔نسیم شاہ نے اس حوالے سے ٹوئٹر پر لکھا کہ پہلی مرتبہ بی پی ایل میں کھیلنا شاندار تجربہ تھا، یہا ں ہر لمحہ لطف اندوز ہوا۔فاسٹ بولر نے اپنی ٹیم کومیلا وکٹورینز کے اگلے میچز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔نسیم شاہ کو 5 فروری کو کوئٹہ میں شیڈول نمائشی میچ میں شرکت کرنی ہے۔بگٹی اسٹیڈیم میں بلوچستان حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے اشتراک سے نمائشی میچ کھیلا جائے گا۔اس نمائشی میں بابر اعظم ٹیم یلو اور سرفراز احمد ٹیم پرپل کے کپتان ہوں گے۔بگٹی اسٹیڈیم میں بابر اعظم کی قیادت میں شاہد آ فریدی، وہاب ریاض جیسے نامور کھلاڑی ایکشن میں ہوں گے۔بابر اعظم کی ٹیم میں محمد حارث، دانش عزیز اور صائم ایوب بھی شامل ہیں۔دوسری جانب سرفراز احمد کی قیادت میں کھیلنے والی ٹیم میں افتخار احمد، محمد حسنین، نسیم شاہ اور عمر اکمل شامل وغیرہ ہیں۔