Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 22nd Feb
ریاض،22فروری:سعودی عرب کے بحیرہ احمر میں زیر تعمیر 500 بلین ڈالر کے میگا پروجیکٹ نیوم شہر میں سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے جدہ میں “ڈسکور نیوم ٹور” کا آغاز کیا گیا۔نیوم منصوبہ تعمیراتی مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور اس کی پہلی منزل – سندالہ جزیرہ – 2024 تک مکمل ہوجائے گا۔یہ ایونٹ، جو کہ سعودی عرب کے مختلف شہروں میں منعقد ہوگا، نیوم کے مجتلف منصوبوں اور علاقوں بشمول دا لائن ، اوکساگون ، سندالہ جزیرہ اور ٹروجینا میں ہونے والی تیز رفتار پیش رفت کو اجاگر کرنے کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔سعودی عرب کے دوسرے بڑے شہر جدہ میں ڈسکور نیوم ٹور کے آغاز میں متعدد صنعتی کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ایونٹ میں منصوبے کے اہم پہلووں پر روشنی ڈالی گئی اور بتایا گیا کہ یہ کس طرح انسانی ترقی کو تیز کر رہا ہے، اختراعات کو فروغ دے رہا ہے ، دنیا بھر کے روشن ترین ذہنوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے اور اس کی بدولت ملک کا تیل پر مبنی معیشت پر انحصار کم ہوگا۔ملاقاتوں میں تبادلہ خیال کیا گیا کہ کس طرح نیوم پائیداری کے بہترین طریقوں اور قدرتی وسائل کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ سرکلر اکانومی کی بنیاد پر شعبوں میں جدت لائے گا۔نیوم کے سی ای او نظمی النصر نے کہا کہ “اس ایونٹ میں ہم نیوم کے منفرد وڑن اور سٹریٹجک مقاصد کے تحت غیر معمولی طرزحیات ، کاروبار، پائیداری ، استحکام اور اہم اقتصادی شعبوں کو ترقی دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔دورے کے دوران نیوم کے اعلیٰ عہدیداروں نے مقامی کمپنیوں اور کاروباری افراد کے لیے مختلف شعبوں میں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔نیوم میں سیاحتی منصوبوں پر بھی توجہ مرکوز کی گئی بالخصوص نیا لگڑری جزیرہ سندالہ جو موناکو اور ایتھنز جیسے عالمی سیاحتی مقامات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔یہ جزیرہ 2024 کے اوائل میں سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا، نئے لگڑری سیاحتی مقام پر ایک عالمی معیار کا مرینا اور یاٹ کلب تعمیر کیا جارہا ہے جو بین الاقوامی یاٹنگ سیزن میں ایک نیا اضافہ شمار ہوگا۔بحیرہ احمر کا مرکزی دروازہ یہ جزیرہ تقریباً 2,000 مختلف نایاب سمندری انواع کا گھر ہے جو دنیا میں کہیں اور نہیں پائی جاتیں۔نیوم کے ڈپٹی سی ای او ریان فائیز نے کہا کہ “ہمارا مقصد نیوم کے اہم اقتصادی شعبوں میں دستیاب سرمایہ کاری کے مختلف مواقع پیش کرنا ہے اور سٹریٹجک شراکت داری قائم کرنا ہے” جس کے لیے آنے والے دنوں میں ملک کے مشرقی صوبے اور دارالحکومت ریاض میں مزید کاروباری رہنماؤں اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کریں گے۔”نیوم نے امریکہ، برطانیہ، فرانس اور جرمنی سمیت عالمی سطح پر متعدد ملکوں میں بھی ڈسکور نیوم ٹورز اور روڈ شوز کا اہتمام کیا ہے۔