واروکشائر نے آل راونڈر گلین میکسویل کو 2023ٹی۔20 بلاسٹ کے لیے سائن کیا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 16th Feb

لندن، 15 فروری ( ہ س)۔ واروکشائر نے 2023 ٹی ۔20 بلاسٹ کے لیے آسٹریلیائی آل راونڈر گلین میکسویل سے معاہدہ کیا ہے۔ میکسویل پاکستانی تیز گیندباز حسن علی کے بعد کلب کے دوسرے غیر ملکی کھلاڑی ہوں گے۔توقع ہے کہ میکسویل رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے ساتھ آئی پی ایل کھیلنے کے بعد ٹیم میں شامل ہوں گے۔کوچ مارک رابنسن نے کہا،”یہ ایک شاندار معاہدہ ہے۔ میکسویل کا شمار عالمی کرکٹ میں تیز ترین اسکور کرنے والوں میں ہوتا ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ بیئرز کے شائقین کے پسندیدہ ہوں گے۔ وہ ہمارے لیے بہترین ٹی۔20 بلے باز ہیں۔وہ شاندار شاٹس کے ساتھ ایک پاور ہٹر ہیں جو حریف ٹیموں کے لئے فیلڈسیٹ کرنا مشکل بنادیتے ہیں۔ میں گلین کو ٹیم میں خوش آمدید کہنے کا مزید انتظار نہیں کر سکتا“۔34 سالہ آل راونڈر میکسویل اس سے قبل کاونٹی سرکل میں ہیمپشائر، سرے، یارکشائر اور لنکاشائر کے ساتھ کھیل چکے ہیں۔ ایک شاندار ٹی۔20 کیریئر میں، میکسویل نے 350 سے زیادہ میچ کھیلے ہیں اور فارمیٹ میں ان کا اسٹرائیک ریٹ 150 سے زیادہ ہے۔معاہدہ ہونے پر میکسویل نے کہا:”میں بیئرز کے ساتھ ایک نئے چیلنج کا مزیدانتظار نہیں کر سکتا۔ ایجبسٹن انتہائی جذباتی شائقین کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کے لیے ایک بہترین جگہ ہے اور میں کھلاڑیوں کی دلچسپ فہرست میں شامل ہونے کی امید کررہا ہوں“۔واضح ہو کہ گزشتہ سال نومبر میں ان کے پیر میں فریکچر ہوگیا تھا جس کے بعد میکسویل نے 2023 میں اب تک کسی بھی فارمیٹ میں حصہ نہیں لیا۔