Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 25th Feb
نئی دہلی ،25فروری :جنوبی افریقہ میں جاری ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2023 کا فائنل 26 فروری کو کھیلا جائے گا۔ ٹائٹل کا یہ میچ کیپ ٹاؤن میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیموں کے درمیان ہوگا۔ جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی ہے۔دوسری جانب کنگارو ٹیم نے ریکارڈ ساتویں مرتبہ فائنل میں جگہ پانے میں کامیاب ہوئی ہے۔ ویسے بھی سب سے زیادہ 5 بار ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ آسٹریلیا کے پاس ہے۔ اتوار کو کھیلے جانے والے اس میچ میں جہاں جنوبی افریقی ٹیم پہلی بار چمپئن بننے کے لیے جدوجہد کرے گی ،تو وہیں آسٹریلیا چھٹی بار فائنل پر قبضہ کرنا چاہے گا۔ اس فائنل میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے ٹی ٹوئنٹی ریکارڈز کے بارے میں بتاتے ہیں۔جنوبی افریقہ کیخلاف آسٹریلیا کا ٹی ٹوئنٹی ریکارڈ بہت مضبوط ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 6 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے جا چکے ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم یہ تمام میچ جیتنے میں کامیاب رہی۔ حال ہی میں اس ورلڈ کپ میں کھیلے گئے میچ میں کنگارو ٹیم نے جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی۔ آسٹریلیا کا یہ مضبوط ریکارڈ ظاہر کرتا ہے کہ فائنل میں جنوبی افریقہ کی راہ آسان نہیں ہوگی۔آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2023 کی بات کریں، تو آسٹریلیا کی ٹیم اب تک ناقابل تسخیر ہے۔ اس دوران کنگارو ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام ٹیموں کو شکست دی ہے۔ آسٹریلیا نے اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز نیوزی لینڈ کو 97 رنز، بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے، سری لنکا کو 10 وکٹوں سے، اور جنوبی افریقہ کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ پہلے سیمی فائنل میں انڈیا کو 5 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ پانے میں کامیاب ہوئی ہے۔دوسری جانب جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم کی کارکردگی اوسط درجے کی رہی ہے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے اپنے چار گروپ میچوں میں سے 2 جیتے اور 2 ہارے۔بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر وہ سیمی فائنل میں داخل ہونے میں کامیاب رہی ہے۔ جنوبی افریقہ نے گروپ مرحلے میں نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کو شکست دی تھی، جب کہ آسٹریلیا اور سری لنکا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ جبکہ 24 فروری کو کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو شکست دے کر ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنائی ہے۔

