پاکستان ترکیہ میں زلزلہ زدگان کے لیے1 لاکھ 71 ہزار خیمے بھیجے گا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 19th Feb

اسلام آباد ،19فروری:وزیراعظم میاں شہبازشریف کی ہدایت پر پاکستان ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے ایک لاکھ 71 ہزار خیمے بھیجے گا۔انھوں نے پاکستان میں خیمہ سازی کی صنعت سے وابستہ صنعت کاروں کے وفد کے ساتھ ایک اجلاس میں یہ ہدایت کی ہے۔انھوں نے ترکیہ میں بھیجے جانے والے خیموں کے بین الاقوامی معیارکو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہیاور کہا ہے کہ اس ضمن میں خیموں کے معیارکی کسی تیسرے فریق سے جانچ کرائی جائے۔انھوں نے خیموں کے معیار کے تعیّن کے لیے وزیرِمنصوبہ بندی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہے اورحکام سے کہا ہے کہ ترکیہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ پریزیڈنسی سے درکارخیموں کی خصوصیات کے حوالے سے مشاورت کی جائے۔میاں شہبازشریف نے پاکستان میں خیمہ سازی کی صنعت سے وابستہ صنعت کاروں سے کہا کہ وہ اس کارِخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ترکیہ میں بہن بھائیوں کی مدد کی خاطرحکومتِ پاکستان کو کم نرخوں پر خیمے مہیا کریں۔وزیراعظم نے ترکیہ میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد کہا کہ پاکستان کی ریسکیو ٹیمیں وہاں متاثرین کی بھرپور مدد کر رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی مشکلات کے باوجود ہم ترکیہ کے بہن بھائیوں کی ہرطرح سے بھرپور مدد کریں۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ملک میں ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لیے درکارخیمے تیارکرنے کی خاطر خواہ استعداد موجود ہے اورپاکستان ٹینٹس مینو فیکچررزایسوسی ایشن اس حوالے سے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) سے رابطے میں ہے۔اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ اس وقت این ڈی ایم اے کے پاس سردی سے بچاؤ کے 21 ہزارخیمے موجود ہیں جو آیندہ ماہ کے پہلے ہفتے تک فضائی اور زمینی راستوں سے ترکیہ پہنچ جائیں گے۔وزیراعظم نے ترکیہ میں خیموں اورشام میں گرم کپڑوں کے علاوہ اشیائے ِ خورونوش کی ترسیل کے لیے فوری ضروری اقدامات کی بھی ہدایت کی ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیرِمنصوبہ بندی پروفیسراحسن اقبال، وزیرِ مملکت عائشہ غوث پاشا، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک ،متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹری صاحبان، ترکیہ اور شام میں تعینات سفراء￿ اور ٹینٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے قائدین نے شرکت کی۔