کابینہ کی توسیع پر تیجسوی لیں گے فیصلہ

پٹنہ :11فروری (منہاج عالم ) وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آج سمادھان یاترا کے دوران کہاکہ کابینہ کی توسیع پر فیصلہ نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو کو لینا ہے۔ مجھے اس معاملے میں زیادہ کچھ نہیں کرنا ہے۔وہ لوگ فیصلہ کر کے بتادیں گے اس کے بعد ہم اعلان کردیں گے۔ انہو ںنے کہاکہ کابینہ کی توسیع میں آر جےڈی اور کانگریس کو فیصلہ لینا ہے کہ کس کس کو وزیربنانا ہے۔ کابینہ کی توسیع کے سلسلے میں جب کانگریس کے ریاستی صدر اکھلیش سنگھ سےپوچھا گیا تو انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ نےکہاکہ سمادھان یاترا کے دوارن کابینہ کی توسیع کی فیصلہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار سمادھان یاترا کے سلسلے میں آج بھاگلپور کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے شہر کے جگدیش پور علاقے میں منعقد پروگرام میں حصہ لیا۔ اس کے علاوہ ضلع انتظامیہ کی جانب سےتیار کئے گئےپروگرام کو بھی دیکھا اور اس سلسلے میں افسران کو ضروری ہدایت دی۔ نامہ نگاروں کے ذریعہ یہ پوچھےجانے پر بھاگلپور ایئر پورٹ کی تعمیر کا معاملہ کافی دنوں سے معلق ہے۔ ہم لوگوں نے کئی بار بھاگلپور میں ایئر پورٹ کی تعمیر کے سلسلے میں مرکز سے با ت چیت کی لیکن وہ اپنی مرضی کے مطابق ہی کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں کا یہ مطالبہ ہے لیکن مرکزی حکومت اسے مانے گی تبھی ایئر پورٹ کی تعمیر ممکن ہوسکے گی۔ ہم لوگوںنے پہلے ہی اس معاملے کو مرکز کے سامنےرکھا ہے۔ پہلے جہاں ایئر پورٹ کی تعمیر کے سلسلے میں مرکزی حکومت نے اپنی رضا مندی ظاہر کی تھی لیکن اب تک اس کی تعمیر نہیں ہورہی ہے۔ کچھ دن پہلے یہ بات سامنے آئی تھی کہ کچھ جگہوں پر پرائیویٹ کمپنی چھوٹے پلین چلائے گی۔ ایسا ہونے سے بھی لوگوں کو آنے جانے میں سہولت ہوتی لیکن اس پر بھی کوئی کام نہیںہوا ۔ بھاگلپور ایسی جگہ ہے جہاں بڑا ایئر پورٹ بننا چاہئے لیکن یہ کام ہم لوگوں کے ہاتھ میں نہیں ہیں ۔ بہار میں پہلے سے طے مقام پر ایئر پورٹ کی تعمیر ہونے کے بعد ہی وہ لوگ دوسری جگہ پرمیشن دیں گے۔ لالو پرساد کی وطن واپسی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں نے بات کی ۔ ابھی وہ دہلی میں ہی رہیں گے۔سابق وزیراعلیٰ جیتن رام مانجھی اور پرشانت کشور کے یاترا کے سوال پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ میری سرکاری یاترا ہے اگر کوئی شخص ذاتی طور سے کچھ کرتا ہے تو وہ اس کی مرضی ہے۔ سبھی پارٹی کے لوگوں کو گھومنے کا اختیار ہے۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ نے مختلف ترقیاتی کاموں کو دیکھا ۔ افسران کو ہدایت دیتےہوئے کہاکہ ہر گھر نل کا جل منصوبے کا فائدہ نئی بساوٹوں اور نوتعمیر مکان میں رہنے والے لوگوں تک پہنچائیں ۔ اگر کوئی گھر چھوٹ گیا ہے تو اسے بھی نل جل کی سہولت مہیا کرائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم لوگوں نے خود امدادی گروپ سے جڑی خواتین کا نام جیویکا دیا ہے۔ جو جیویکا دیدی کے نام سے جانی جاتی ہے۔ بہار میں جب سے ہمیں کام کرنے کا موقع ملا اس وقت یہاں خود امدادی گروپ کی تعداد کافی کم تھی اب بہار میں اس کی تعداد 10لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔وزیراعلیٰ نے وکاس ویبھو اور شوبھا اہوتکر معاملے پر کہاکہ آج کل ٹوئٹر کے توسط سے افسران بھی اپنے آپسی تنازع کو شیئر کرتے ہیں جو غلط ہے۔ اس کے لئے آئین کے تحت جو ضابطے بنائے گئےہیں اسی کے مطابق بات کرنی چاہئے۔ آپسی تنازع کو مل جل کر حل کرنا چاہئے۔ یا اپنے سینئرافسران کے پاس اپنی بات رکھنی چاہئے۔ اس بیچ وزیراعلیٰ نے بھاگلپور ضلع میں مختلف محکموں کے تحت چل رہے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ بھاگلپور کے علی گنج میں بہار اسپیننگ میل کیمپس واقع آسرے استھل کی چھت پربریڈا کے ذریعہ تیار کئے گئے گریڈ کنکٹیڈ سولر پاور پوائنٹ کا افتتاح کیا۔