Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 21st Feb
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) سہسرام کے بیلہر گاؤں میں آج کی گزری شب بڑی تعداد میں گھریلو سامان جل کر راکھ ہوگئے ۔ بیلہر گاؤں کے رہنے والے پریت رام کے گھر میں شادی کی تقریب کیلئے بڑی تعداد میں سامان خریدا گیا تھا اور گھریلو گیس لیکیج کے باعث گھر میں آگ لگ گئی۔ جسکے نتیجہ میں گھر میں شادی کا سامان، اناج، نقدی کے ساتھ گھریلو کپڑے جل کر راکھ ہو گئے، واقعہ کی اطلاع پر فائر بریگیڈ بھی وہاں پہنچی آگ پر قابو پانے کیلئے جدوجہد تو کیا مگر اس سے قبل ہی آگ کے شعلے کئی گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے چکے تھے ۔ پریت رام کے گھر کو بھاری نقصان پہنچا گیس لیکج سے لگنے والی آگ اس قدر خوفناک شکل اختیار کر گئی تھی کہ قریبی گھروں میں رکھا سامان بھی جل کر راکھ ہو گیا۔ آگ لگنے کی وجہ سے بیلہر کے رہنے والے دنیش کمار، لال بابو، امیش کمار، جگنناتھ کمار اور دیگر کے مکانات کو بری طرح نقصان پہنچا ہے ۔ پیش آنے والے اس واقعہ کی وجہ سے پورے گاؤں میں افراتفری کا ماحول بھی بن گیا تھا فائر بریگیڈ ٹیم کے ساتھ گاؤں کے لوگوں کو آگ پر قابو پانے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ سہسرام کے زونل آفیسر، دریگاؤں پولس اسٹیشن صدر اور سابق مکھیا ستیندر یادو نے واقعہ کی اطلاع پر پہنچ کر متاثرہ خاندانوں سے ملاقات اور انھیں تسلی بھی دلائی ۔