ہنڈنبرگ رپورٹ: سپریم کورٹ میں اگلی سماعت 17 فروری کو

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 16th Feb

نئی دہلی، 15 فروری (ہ س)۔ سپریم کورٹ ہنڈنبرگ رپورٹ معاملے سے متعلق کانگریس لیڈر جیا ٹھاکر کی عرضی پر 17 فروری کو اگلی سماعت کرے گا۔ بدھ کو درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے اس معاملے سے متعلق دو دیگر درخواستوں کو جیا ٹھاکر کی درخواست کے ساتھ ٹیگ کرنے کا حکم دیا۔جیا ٹھاکر کی عرضی میں ہنڈنبرگ رپورٹ کے تناظر میں اڈانی گروپ کے خلاف تحقیقات کی مانگ کی گئی ہے۔ کہا گیا ہے کہ اڈانی گروپ میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) اور ایل آئی سی کی سرمایہ کاری کے فیصلے کی بھی جانچ ہونی چاہیے۔جیا ٹھاکر سے پہلے اس معاملے پر دو دیگر درخواستیں زیر التوا ہیں۔ 13 فروری کو اس معاملے کی سماعت کے دوران مرکزی حکومت نے کہا تھا کہشیئر مارکیٹ کے کام کو بہتر بنانے کے لیے ماہر ین کی کمیٹی تشکیل دینے پر کوئی اعتراض نہیں ہے، لیکن اس بات کا خیال رکھنا ہوگا کہ بیرونی سرمایہ کاری متاثر نہ ہو۔چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی زیرقیادت بنچ نے مرکز کو کمیٹی کے ارکان کے ناموں کی تجاویز کو سیل بند لفافے میں داخل کرنے کے لئے کہا۔ اب اس معاملے کی سماعت 17 فروری کو ہونے والی ہے۔ایک درخواست ایڈوکیٹ وشال تیواری نے دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کی خودمختاری کے لیے ضروری ہے کہ پورے معاملے کی تحقیقات کی جائے ۔ درخواست میں بڑے کارپوریٹ گھرانوں کو دیے جانے والے لون کی منظوری کے لیے بنائی گئی پالیسی کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔دوسری درخواست ایڈوکیٹ منوہر لال شرما نے دائر کی ہے۔ درخواست میں ہنڈنبرگ ریسرچ کے بانی ناتھن اینڈرسن اوربھارت ان کے ساتھیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کے استحصال اور دھوکہ دہی کرنے پرشارٹ سیلر کے خلاف انکوائری کا مطالبہ کیاہے۔شرما کی درخواست میں شارٹ سیلر کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کیاگیا ہے۔ درخواست میں شرما نے ہنڈن برگ کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 420اور 120بی اور سیبی کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔