بنگال میں مسلسل تین دن تک بارش ہوتی رہے گی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 20th March

کولکاتہ، 20 مارچ: میٹروپولیٹن کولکاتہ سمیت ریاست کے دیگر حصوں میں مسلسل تین دن تک بارش جاری رہے گی۔ اس بات کی اطلاع محکمہ موسمیات کی جانب سے پیر کو جاری کردہ ایک بیان میں دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ریاست کے کئی اضلاع کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس میں کولکاتہ کے ساتھ ہاوڑہ، ہوگلی، شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ، مشرقی اور مغربی مدنی پور، شمالی اور جنوبی دیناج پور، پرولیا، جھارگرام شامل ہیں۔ بدھ تک مسلسل بارش ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلسل بارش کی وجہ سے کولکاتہ کا درجہ حرارت بھی گر گیا ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 20.6 ڈگری سیلسیس تھا جو معمول سے تین درجے کم تھا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26.5 ڈگری سیلسیس تھا، جو معمول سے آٹھ ڈگری کم تھا۔ اکیلے کولکاتہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی وجہ سے کچھ مقامات پر پانی جمع ہے۔ بدھ تک موسم ایسا ہی رہے گا۔