آسمانی بجلی گرنے سے 2 لڑکیاں ہلاک ، ایک زخمی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 31ST March

سنگھواڑہ دربھنگہ ( محمد مصطفی):

جالے بلاک کے سرحدی علاقہ بوکھڑا بلاک کے مہیسوتھا گاوں میں جمعہ کو شدید بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے دو لڑکیوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ ایک لڑکی شدید طور پر زخمی ہے۔باوثوق ذرائع کے مطابق اس واقعہ میں مہیسوتھا گاؤں کے وارڈ 15 کے رہنے والے چندیشور کی سہنی کی بیٹی سنجیتا کماری عمر 20 سال اور جئے کیشن سہنی کی بیٹی کویتا کماری عمر 19 سال موقع پر ہی ہلاک ہوگئی ہیں جبکہ شدید زخمی جئے کیشن سہنی کی دوسری بیٹی پنیتا کماری کی عمر20 سال کا علاج مقامی پی ایچ سی میں چل رہاہے۔بتایا گیا ہے کہ پنیتا اپنی بڑی بہن کویتا اور پڑوس کے چندیشور سہنی کی بیٹی سنجیتا کے ساتھ جمعہ کو دن کے قریب 1  بجے  گاؤں کے ہی ڈمری ٹول کے قریب کھیت میں گندم کی کٹائی کر رہی تھی ۔ بارش کی وجہ سے تینوں تاڑ کے درخت کے قریب گئی جہاں اچانک آسمانی بجلی گرنے سے تینوں اس کی زد میں آگئی ۔جب تک لوگ وہاں پہنچے سنجیتا اور کویتا کی موقع پر ہی موت ہوچکی تھی جبکہ کویتا کی بڑی بہن پنیتا شدید زخمی ہو گئیں۔ اطلاع ملتے ہی بوکھڑا پولیس پیکٹ کے انچارج تری پراری کمار  پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے صدر اسپتال سیتامڑھی بھیج دیا۔جبکہ شدید زخمی پنیتا کماری کو بوکھڑا کمیونٹی ہیلتھ سنٹر میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔واقعہ کے بعد گاوں میں کہرام مچ گیا۔ متوفیہ کے لواحقین کی چیخ و پکار سے پورا ماحول غم زدہ ہو گیا ہے۔متوفیہ انتہائی غریب اور مزدور خاندان سے تعلق رکھتی تھی۔

یہاں واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بلاک پرمکھ سدھیر کمار ساہ، ضلع پریشد رکن نند کمار یادو، مکھیا نمائندہ و سابق مکھیا اکھلیش پٹیل،بوکھڑا کے سابق نائب پرمکھ آفتاب عالم منٹو، پنکج کمار، ڈاکٹر ادے کمار سنہا، سابق ایم پی نمائندے پپو یادو، نائب مکھیا وجے یادو اور یوتھ آر جے ڈی لیڈر راجو نے اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والی لڑکیوں کے لواحقین کو تسلی دیتے ہوئے مقامی انتظامیہ سے 50 لاکھ روپے کی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ادھر باجپٹی اسمبلی حلقہ کے راشٹریہ جنتا دل کے ایم ایل اے مکیش کمار یادو نے مہیسوتھا گاؤں میں بارش کے دوران آسمانی بجلی سے 2 لڑکیوں کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔  ایم ایل اے نے کہا کہ ڈیزاسٹر منسٹر کو اس افسوسناک واقعہ کے بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے۔  تباہی سے متعلق معاوضے کی رقم 24 گھنٹے کے اندر مرنے والوں کے لواحقین کو ادا کر دی جائے گی۔  اس کے لیے وہ کوشش کر رہے ہیں۔