Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 6th March
نئی دہلی ،6مارچ : انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان 4 میچوں کی دلچسپ بارڈر گواسکر ٹرافی کھیلی جا رہی ہے جس میں شائقین کو اب تک زبردست کرکٹ دیکھنے کو ملی ہے۔ سیریز کے ابتدائی دونوں میچز ٹیم انڈیا نے جیتے تھے۔ اسی دوران اندور میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے جوابی حملہ کرتے ہوئے ہندوستان کو 9 وکٹوں سے شکست دی ہے۔ اس کے ساتھ اب سیریز کا آخری اور چوتھا میچ 9 مارچ سے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس میں ہندوستانی ٹیم کے اسٹار آف اسپنر روی چندرن اشون سابق کرکٹر اور لیجنڈ انیل کمبلے کا ایک خاص ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔بارڈر گواسکر ٹرافی کی تاریخ میںہندوستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ سابق لیگ اسپنر انیل کمبلے کے نام ہے۔ کمبلے نے BGT میں کھیلے گئے 20 ٹیسٹ میچوں میں 3.09 کی اکانومی سے بولنگ کرتے ہوئے 111 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ لیکن کمبلے کا یہ ریکارڈ اب احمد آباد ٹیسٹ میں اشون کے ہاتھوں ٹوٹ سکتا ہے۔اشون نے اب تک بارڈر گواسکر ٹرافی میں 21 میچوں میں 2.74 کی اکانومی سے 107 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اب وہ کمبلے سے صرف چار وکٹ پیچھے ہیں۔ اگر اشون احمد آباد ٹیسٹ میں مزید 5 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں، تو وہ BGT کی تاریخ میں وکٹوں کے لحاظ سے ہندوستان کے سب سے کامیاب بولر بن جائیں گے۔آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار باؤلر نیتھن لیون نے بارڈر گواسکر ٹرافی کی تاریخ میں اب تک سب سے زیادہ 113 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ وہ اس فہرست میں سب سے اوپر ہے۔ انیل کمبلے 111 وکٹوں کے ساتھ بالکل پیچھے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ اشون 107 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ایسے میں اگر اشون آسٹریلیا کیخلاف اپنے شاندار فارم میںرہتے ہیں تو وہ نیتھن لیون کو چھوڑ کر بارڈر گواسکر کے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر بن سکتے ہیں۔