Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 1st March
اندور،یکم مارچ : انڈیاتاور آسٹریلیا کے درمیان اندور میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کا پہلا دن مکمل طور پر کنگارو ٹیم کے نام کیا جا سکتا ہے۔ پہلی ٹیم نے گیند بازی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم انڈیا کی پہلی اننگز 109 رنز پر سمیٹ دی، جس میں میتھیو کوہنی من نے 5 وکٹیں حاصل کی۔ وہیں دن کے کھیل کے اختتام پر آسٹریلوی ٹیم نے پہلی اننگز کی بنیاد پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنا کر 47 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔اس میچ میں ٹاس جیتنے کے بعد ہندوستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ٹیم میں کے ایل راہل کی جگہ شوبھ من گل کو شامل کیا گیا، جبکہ محمد شامی کی جگہ امیش یادو کو جگہ دی گئی ۔ کپتان روہت اور شوبھ من گل کے درمیان 27 رنز کی شراکت ہوئی ۔ روہت نے آگے بڑھ کر میتھیو کوہنی من کی گیند کو نشانہ بنانے کی کوشش کی لیکن وہ اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔کپتان روہت شرما کی پویلین واپسی کے ساتھ ہی آسٹریلوی اسپن گیند بازوں نے واضح طور پر آہستہ آہستہ اپنی گرفت مضبوط کرنے لگے۔ شوبھ من گل 12، چیتشور پجارا 1، رویندرا جدیجا 4 اور شریس ا یئر بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد وراٹ کوہلی اور کے ایس بھرت کے درمیان ایک چھوٹی سی شراکت ضرور دیکھی گئی۔ لیکن بھرت 17 اور کوہلی بھی 22 رنز بنانے کے بعد لنچ سے پہلے ہی پویلین لوٹ گئے۔ پہلے سیشن کے اختتام پر ہندوستانی ٹیم کا اسکور 7 وکٹوں کے نقصان پر 84 رنز تھا۔پہلے دن کے دوسرے سیشن کے آغاز کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم کی پہلی اننگز کے سمٹنے میں زیادہ دیر نہیں لگی۔ امیش یادیو کی 17 رنز کی تیز اننگز کی بدولت ٹیم 100 رنز کا ہندسہ عبور کرنے میں ضرور کامیاب ہوئی تاہم پہلی اننگز 109 رنز کے اسکور پر سمٹ گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے میتھیو کوہنی من نے 5، نیتھن لیون نے 3 اور ٹوڈ مرفی نے ایک وکٹ حاصل کی۔آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے آئے عثمان خواجہ اور ٹریوس ہیڈ ٹیم کو اچھا آغاز نہ دے سکے۔ آسٹریلوی ٹیم کو پہلا دھچکا 12 کے اسکور پر ٹریوس ہیڈ کی صورت میں لگا جو صرف 9 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد بلے بازی کے لیے آنے والے مارنس لیبوشگن کو بھی قسمت کا ساتھ ملا اور جب وہ صفر کے اسکور پر آؤٹ ہوئے تو جڈیجہ کی گیند نو بال ہوگئی۔ دوسرے سیشن کا کھیل ختم ہوا تو عثمان خواجہ اور مارنیش لبوشین کی جوڑی نے اسکور کو 71 رنز تک پہنچا دیا تھا۔دن کے آخری سیشن میں ہندوستانی ٹیم کو 108 کے اسکور پر دوسری کامیابی اس وقت ملی جب خطرناک نظر آنے والے مارنس لیبوشگن 31 کے ذاتی اسکور پر جڈیجہ کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔ دوسری جانب عثمان خواجہ نے اس ٹیسٹ سیریز میں اپنی دوسری نصف سنچری بھی مکمل کی۔ دریں اثنا، 60 کے ذاتی سکور پر خواجہ نے جڈیجہ کی گیند پر سوئپ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں شوبھ من گل کو اپنا کیچ تھما بیٹھے۔ آسٹریلوی ٹیم کو میچ میں تیسرا دھچکا 125 کے ا سکور پر لگا۔کپتان اسٹیو اسمتھ نے پیٹر ہینڈزکومب کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا لیکن 146 کے اسکور پر آسٹریلوی ٹیم کو چوتھا جھٹکا کپتان اسمتھ کی صورت میں لگا جب انہوں نے جڈیجہ کی گیند پر اپنا کیچ وکٹ کیپر کے ایس بھرتھ کو دے بیٹھے۔ جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلوی ٹیم 4 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنا چکی تھی اور پہلی اننگز کی بنیاد پر 47 رنز کی اہم برتری حاصل بھی ہو چکی تھی۔ وہیں رویندرجڈیجہ نے آسٹریلوی ٹیم کی تمام4 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔