آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ: ہندوستان نے مکسڈ ٹیم ایونٹ میں چاندی اور کانسہ کا تمغہ جیتا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 23rd March

بھوپال۔ ہندوستان نے جمعرات کو یہاں آئی ایس ایس ایف پسٹل/رائفل ورلڈ کپ میں ایک چاندی اور ایک کانسے کا تمغہ جیتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ٹورنامنٹ میں ہندوستان کے تمغوں کی تعداد ایک سونے، ایک چاندی اور دو کانسے کے تمغوں کے ساتھ چار ہو گئی ہے۔ ہندوستان کے لئے، ورون تومر اور ریدم سانگوان کی ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم کی جوڑی دوسرے نمبر پر رہی جبکہ رودرنکاش پاٹل اور آر نرمدا نتن ایئر رائفل ایونٹ میں تیسرے نمبر پر رہے۔
چین نے ٹورنامنٹ میں دن کے دونوں گولڈ میڈل جیتے۔ ورون نے بدھ کے روز ایئر پسٹل میں انفرادی کانسہ کا تمغہ بھی جیتا تھا۔ انہوں نے ریدم سانگوان کے ساتھ مل کرچین کی کیان ویئی اور لیو جنیاو کی چینی جوڑی کو سخت مقابلہ دیا لیکن ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم گولڈ میڈل راونڈ میں 11-17 سے ہار گئے۔وہیں دیویا ٹی ایس اور سربجوت سنگھ کی دوسری ہندوستانی ٹیم ایک پوائنٹ سے کانسہ کے تمغے سے محروم رہ گئی اور 574 کے اسکور کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہی۔
دوسری طرف، گزشتہ ماہ قاہرہ میں آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ میں گولڈ میڈل جیتنے والی رودرانکش اور آر نرمدا کی جوڑی گھریلو سرزمین پر وہی جادو نہیں دکھا سکی اور انہیں کانسے کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔ کانسے کے تمغے کے مقابلے میں ہندوستانی جوڑی نے چین کے جھانگ کیونگوئے اور یو ہاونان کو 16-8 سے شکست دی۔وہیں اس مقابلے میں ہردے ہزاریکا اور تلوتما سین کی دوسری ہندوستانی جوڑی نویں نمبر پر رہی۔