آئی پی ایل کا رنگارنگ افتتاح : ار جیت کے گانوں کے ساتھ تمنا بھاٹیہ کا ہوش رُبارَقص ، سامعین تھرکنے پر مجبور ہوگئے

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 31ST March

ممبئی ، 31مارچ : آئی پی ایل 2023 کی افتتاحی تقریب میں مشہور گلوکار اری جیت سنگھ نے اپنی جادوئی آواز سے سماں باندھ دیا۔ اس افتتاحی تقریب کا آغاز اری جیت سنگھ نے سپر ہٹ گانے کیسریا سے کیا۔ اری جیت سنگھ نے گانے کیسریا پر مداحوں کو رقص کرنے پر مجبور کردیا،تاہم اس کے علاوہ انہوں نے کئی ہٹ گانے بھی گائے۔ مداح ار ی جیت سنگھ کے گانوں پر ڈانس کرنے سے خود کو نہ روک سکے۔وہیں ارجیت سنگھ کے گانے انڈین پریمئر لیگ کے آفیشل سوشل میڈیا ہینڈل سے بھی شیئر کیے گئے ہیں۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں اری جیت سنگھ مداحوں کی بڑی بھیڑ کے درمیان اپنا پریزنٹیشن دے رہے ہیں۔اس دوران شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں دیکھی جا سکتی ہے۔ انڈین پریمئر لیگ نے اری جیت سنگھ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ اری جیت سنگھ نے آئی پی ایل 2023 کی افتتاحی تقریب کا آغاز اپنے انداز میں کیا۔ اس ویڈیو میں مداحوں کو اری جیت سنگھ کے گانوں پر ڈانس کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ خیال رہے کہ آئی پی ایل 2023 آج سے شروع ہو رہا ہے۔ اس سے قبل رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس افتتاحی تقریب میں اری جیت سنگھ کے علاوہ بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ تمنا بھاٹیہ نے اپنا مسحور کن رقص پیش کیا۔اس کے بعد آئی پی ایل 2023 کا پہلا میچ کھیلا جائے گا۔ اس میچ میں گجرات ٹائٹنز کی ٹیم چنئی سپر کنگز کے سامنے ہوگی۔ یعنی آئی پی ایل 2023 سیزن کے پہلے میچ میں شائقین کو مہندر سنگھ دھونی اور ہاردک پانڈیا کے درمیان دلچسپ جنگ دیکھنے کو ملے گی۔تادمِ تحریر گجرات نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا ہے۔