Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 12th March
شکیل احمد خاں افتتاح کریں گے اور پروفیسر صغیر افراہیم، پروفیسر علی رفادفتیحی اور پروفیسرغضنفر کی خصوصی شرکت
پٹنہ۔ ۱۱؍مارچ۔قطر میں مقیم معروف شاعر عتیق انظر کی عظیم آباد آمد کے موقعے سے بزمِ صدف انٹرنیشنل نے بہار اردو اکادمی میں اتوار ۱۲؍مارچ ۲۰۲۳ء کو ۳۰۔۳ بجے دن سے ایک خصوصی تقریب منعقد کی ہے جس میں ملک کے ممتاز دانش ور اور ادبا و شعرا کی شرکت ہورہی ہے۔ عتیق انظر تقریباً تین دہائیوں سے قطر میں مقیم ہیں اور اب تک ان کے تین شعری مجموعے منظرِ عام پر آچکے ہیں جن کے کئی ایڈیشن کے ساتھ اور متعدد زبانوں میں تراجم بھی ہوچکے ہیں۔
بزمِ صدف کے ڈائرکٹر پروفیسر صفدر امام قادری نے بتایا کہ اس تقریب کا افتتاح کانگریس کے ایم۔ ایل۔اے۔ ڈاکٹر شکیل احمد خاں کریںگے۔ پروگرام کی صدارت سابق صدر شعبۂ اردو، علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی پروفیسر صغیر افراہیم کریںگے۔ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی کے سابق صدر شعبۂ لسانیات پروفیسر علی رفاد فتیحی پروگرام کا حصہ ہوںگے۔ عتیق انظر کی حیات و خدمات کے حوالے سے پروفیسر غضنفر، پروفیسر ابوبکر عباد(دہلی یونی ورسٹی)، مشتاق احمد نوری، مولانا ثنا ء الہدیٰ قاسمی، پروفیسر ظفر امام، ڈاکٹر تسلیم عارف اور محترمہ شگفتہ ناز اپنے مقالات پیش کریںگے۔ عتیق انظر کے تعلق سے منعقدہ اس مذاکرے کی نظامت معروف ادیبہ ڈاکٹر افشاں بانو کریںگی۔ عتیق انظر کے اعجاز میں ایک مخصوص مشاعرے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس کی صدارت پروفیسر غضنفر فرمائیںگے۔ مشاعرے میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے ساہتیہ اکادمی انعام یافتہ شاعر اور ادیب پروفیسر ظفر کمالی شریک ہوںگے۔ خاص طور سے جن شعرا کا کلام اس مشاعرے میں سنا جاسکے گا ، ان کے نام یہ ہیں: عتیق انظر، شمیم قاسمی، ظفر امام، شعاع گیاوی، عطا عابدی، اشفاق عادل، جمیل اختر شفیق اور کاظم رضا۔
پروفیسر صفدر امام قادری نے عظیم آباد کے شائقینِ ادب سے اس پروگرام میں شرکت کی گزارش کی ہے۔ جن افراد کو رسمی دعوت نامہ موصول نہیں ہوسکا ہے، ان سے بھی بزمِ صدف کی طرف سے دست بستہ گزارش کی گئی ہے کہ وہ اس خبر کو ہی دعوت نامہ سمجھتے ہوئے ساڑھے تین بجے شام بہار اردو اکادمی کے آڈیٹوریم میں تشریف لائیں اور شعر و ادب کی ایک دلچسپ اور بامعنی شام سب کے ساتھ گزاریں۔

