Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 13th March
لاس اینجلس، 13 مارچ: دنیا کے سب سے باوقار فلمی اعزاز آسکر ایوارڈ کی تقریب میں بھارت نے اس بار اپنا جلوہ دکھایا ہے۔ ہندوستانی فلم آر آر آر کے گانے ‘ناٹو ناٹو’ نے آسکر ایوارڈ جیت کر دنیا بھر میں مداحوں کا سینا چوڑا کر دیا ہے ۔ اس کے علاوہ شارٹ فلم دی ایلی فینٹ وہسپرس نے آسکر ایوارڈ جیت کر ہندوستانی سنیما کو ایک تاریخی اور قابل فخر موقع فراہم کیا ہے۔لاس اینجلس میں منعقد ہونے والی تاریخی آسکر ایوارڈز کی تقریب ہندوستانیوں کے لیے خوشی کے مواقع لے کر آئی ہے۔ اصل میں تیلگو میں بننے والی فلم آر آر آر کے گانے ‘ناٹو ناٹو’ نے ’اوریجنل سانگ‘ کیٹیگری میں آسکر ایوارڈ جیتا ہے۔ اس ایوارڈ سے بھارت اور دنیا بھر میں پھیلے بھارتی سینما کے شائقین کو فخر کا موقع ملا ہے، ایوارڈ جیتنے کے بعد فلم بنانے والوں کی خوشی کی کوئی انتہا نہ رہی۔ بھارتی فلم آر آر آر کے گانے ‘ناٹو ناٹو’ کے نام کا اعلان ہوتے ہی فلم کی ٹیم اور ہدایت کار ایس ایس راجامولی خوشی سے اچھل پڑے۔
آسکر ایوارڈز کے اس 95ویں ایڈیشن میں ہندوستان نے دوسرا آسکر ‘ناٹو ناٹو’ کی شکل میں جیتا ہے۔ اس سے قبل ہندوستان نے ہندوستانی پروڈکشن کے لیے پہلا آسکر ایوارڈ جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔ بھارتی فلم دی ایلی فینٹ وہسپرس نے شارٹ فلم ڈاکیومنٹری کیٹیگری میں آسکر ایوارڈ جیت لیا ہے۔ اس فلم نے پوری دنیا میں ملک کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ یہ ہندوستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ فلم کی آسکر جیت پر پروڈیوسر گنیت مونگا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایوارڈ کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی۔ انہوں نے لکھا کہ یہ رات تاریخی ہے کیونکہ یہ کسی ہندوستانی پروڈکشن کے لیے پہلا آسکر ہے۔