Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 4th March
گوالیار، 04مارچ : ممبئی کے نوجوان بلے بازیشسوی جیسوال کے بیٹ سے رنوں کی بارش جاری ہے۔ یشسوی نے ریسٹ آف انڈیا کے لیے کھیلتے ہوئے ایرانی کپ کی پہلی اننگ میں ڈبل سنچری بنائی تھی۔ انہوں نے 259 گیندوں پر 213 رنوں کی تیز اننگ کھیلی جس میں 30 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ اب انہوں نے اپنے ایرانی کپ ڈیبیو میچ کی دوسری اننگ میں بھی سنچری بنائی ہے۔ جہاں ایک طرف تمام بلے باز جدوجہد کر رہے تھے، وہیں یشسوی نے 104 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔
اس کے ساتھ ہی یشسوی نے کئی ریکارڈ اپنے نام کرلئے۔ یشسوی جیسوال ایرانی کپ کے ایک ہی میچ میں ڈبل سنچری اور سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے شیکھر دھون اور ہنوما وہاری نے دونوں اننگ میں سنچریاں اسکور کی تھیں لیکن کوئی بھی ڈبل سنچری اور سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ اس کے ساتھ ہی 21 سالہ یشسوی ایرانی کپ کے میچ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ شیکھر دھون (332 رن) کے نام تھا۔ اس سے قبل دھون کے علاوہ کوئی بھی بلے باز 300 رن کا ہندسہ نہیں چھو سکاتھا۔
یہی نہیں جیسوال ایک ہی میچ میں فرسٹ کلاس ڈبل سنچری اور سنچری بنانے والے 11ویں ہندوستانی ہیں۔ کے ایس دلیپ سنگھ جی پہلے ہندوستانی تھے جنہوں نے 1929 میں انگلینڈ میں کاونٹی چیمپئن شپ میں سسیکس کے لیے کھیلتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دیاتھا۔ سنیل گاوسکر بین الاقوامی کرکٹ میں یہ کارنامہ درج کرنے والے واحد ہندوستانی ہیں۔ سنیل گاوسکر نے یہ کارنامہ 1971 میں ویسٹ انڈیز کے گھرمیں جاکر کیا تھا۔
یشسوی جیسوال کا یہ صرف 15 واں فرسٹ کلاس میچ ہے اور ان کے بلے سے 9 سنچریاں نکلی ہیں۔ 2019 میں یشسوی نے چھتیس گڑھ کے خلاف ممبئی کے لیے اپنا فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا۔ انہیں 2020 انڈر 19 ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رن بنانے پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ ملا۔ ان کے نام 32 لسٹ اے میچوں میں 5 سنچریاں ہیں۔ اس میں 203 رن کی اننگ بھی شامل ہے۔