ای ڈی نے ترنمول لیڈر شانتنو کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا، گھر سے ٹیچر امیدواروں کے دستاویزات ملے تھے

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 9th March

کولکاتا، 9 مارچ :ترنمول لیڈر شانتنو بنرجی کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ریاست کے مشہور ٹیچرس تقرری بدعنوانی معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے بلایا ہے۔ انہیں جمعہ کو مرکزی ایجنسی کے علاقائی ہیڈ کوارٹرسی جی او کمپلیکس میں حاضر ہونے کے لئے کہا گیا ہے۔
ہوگلی کے ترنمول لیڈر کے گھر سے ٹیچر امیدواروں کی او ایم آر شیٹس ملی ہیں۔ شانتنو کے بارے میں معلومات ترنمول کے نوجوان لیڈر کونتل گھوش کی گرفتاری کے بعد سامنے آئی ہیں۔ اس سے قبل فروری میں مرکزی ایجنسی نے ان سے پوچھ گچھ کی تھی۔ ان کی جائیداد کے کاغذات کی تلاشی بھی لی گئی ہے۔
یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ شانتنو کا ایک کروڑ روپے کا لین دین تھا۔ اس سلسلے میں ان سے پوچھ گچھ ہونی ہے۔ جنوری میں ای ڈی نے شانتنو کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ وہاں سے 300 ملازمت کے دعویداروں کی فہرست اور جوابی پرچے ملے تھے۔
اسی دن ای ڈی نے کونتل کے فلیٹ پر بھی چھاپہ مارا۔ نیو ٹاؤن میں کونتل کے فلیٹ سے چھاپے کے دوران کئی اہم دستاویزات بھی برآمد ہوئے ہیں۔ کونتل نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ شانتنو کو نہیں جانتے تھے لیکن اس کے گھر سے برآمد ہونے والے دستاویزات کچھ اور ہی کہانی بیان کر رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ دونوں سال 2014 سے کرپشن میں ملوث رہے ہیں۔ شارٹ فلمین بنانے والی ایک کمپنی میں کنتل اور شانتنو کی بیویوںکی حصہ داری بھی رہی ہے۔